بدھ، 14-جنوری،2026
بدھ 1447/07/25هـ (14-01-2026م)

موبائل فون کے شوقین پاکستانیوں کیلئے بڑی خبر آگئی

20 دسمبر, 2025 11:49

پاکستان میں موبائل فون کی درآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

 سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 26-2025 کے ابتدائی پانچ ماہ کے دوران ملک نے 801 ملین ڈالر سے زائد مالیت کے موبائل فون درآمد کیے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ حجم 570 ملین ڈالر کے قریب تھا۔ اس طرح درآمدات میں 40 فیصد سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا ہے۔

اگر روپے میں بات کی جائے تو جولائی سے نومبر 2025 کے دوران موبائل فون کی درآمدات کی مالیت 226 ارب روپے سے تجاوز کر گئی۔ پچھلے سال اسی عرصے میں یہ رقم 158 ارب روپے کے لگ بھگ تھی۔ اس بنیاد پر روپے میں درآمدات تقریباً 43 فیصد بڑھیں۔ ماہانہ بنیاد پر بھی اضافہ دیکھا گیا اور نومبر 2025 میں درآمدات 156 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، جو اکتوبر کے مقابلے میں زیادہ تھیں۔

سالانہ موازنہ کیا جائے تو نومبر 2025 میں درآمدات میں معمولی کمی بھی سامنے آئی۔ نومبر 2024 کے مقابلے میں اس سال تقریباً 5 فیصد منفی شرح نمو ریکارڈ کی گئی۔ تاہم مجموعی طور پر مالی سال کے ابتدائی مہینوں میں درآمدی رجحان بڑھتا ہوا نظر آ رہا ہے۔

گزشتہ مالی سال 25-2024 میں پاکستان نے مجموعی طور پر 1.49 ارب ڈالر مالیت کے موبائل فون درآمد کیے تھے۔ اس سے ایک سال قبل یہ حجم 1.89 ارب ڈالر تھا۔ اس طرح سالانہ بنیاد پر درآمدات میں 21 فیصد سے زائد کمی ہوئی تھی۔ روپے کے لحاظ سے بھی مالی سال 25-2024 میں درآمدات کم ہو کر 417 ارب روپے رہ گئیں تھیں۔

دوسری جانب مقامی سطح پر موبائل فون کی تیاری اور اسمبلنگ میں بھی تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔ سال 2025 کے پہلے دس ماہ میں مقامی فیکٹریوں نے 25 ملین سے زائد موبائل ہینڈ سیٹس تیار کیے۔ اس کے مقابلے میں تجارتی بنیاد پر درآمد کیے گئے فونز کی تعداد بہت کم رہی۔ صرف 1.7 ملین موبائل فون درآمد کیے گئے۔

اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2025 میں 2.33 ملین موبائل فون مقامی طور پر تیار یا اسمبل کیے گئے، جبکہ اسی مہینے میں صرف دو لاکھ کے قریب فون درآمد کیے گئے۔ ان تیار شدہ فونز میں اسمارٹ فونز کی تعداد زیادہ رہی، جبکہ 2 جی فونز بھی بڑی تعداد میں شامل تھے۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے مطابق ملک میں استعمال ہونے والے موبائل فونز میں 70 فیصد اسمارٹ فونز ہیں۔ جبکہ 30 فیصد اب بھی 2 جی فونز پر مشتمل ہیں۔ ماہرین کے مطابق مقامی مینوفیکچرنگ میں اضافے سے درآمدی بل پر دباؤ کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔