چیٹ جی پی ٹی اب صارفین کی عمر کی پیشگوئی بھی کرے گا، مگر کیسے؟
WebDesk
22 جنوری, 2026 16:00
Big relief for parents; Powerful feature added to ChatGPT
اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی میں ایک نئی ٹیکنالوجی متعارف کرا دی ہے جو صارفین کی عمر کی پیشگوئی کرسکے گی۔ اس فیچر کو صارفین کے اکاؤنٹس کا حصہ بنایا جا رہا ہے، خاص طور پر ان افراد کے لیے جو اپنی اصل عمر ظاہر نہیں کرتے۔
اوپن اے آئی کی جانب سے جاری کی گئی ایک بلاگ پوسٹ کے مطابق 18 سال سے کم عمر ایسے صارفین جو چیٹ جی پی ٹی کو اپنی عمر فراہم نہیں کرتے، ان کی عمر کا اندازہ اب خودکار سسٹم کے ذریعے لگایا جائے گا۔ اس سافٹ ویئر میں صارف کے رویے اور مختلف ڈیجیٹل سگنلز کو مدنظر رکھا جائے گا، جن میں اکاؤنٹ بننے کی مدت، سرگرمی کا وقت، استعمال کا انداز اور دیگر عوامل شامل ہیں۔
کمپنی کے مطابق اگر یہ سسٹم غلطی سے کسی صارف کو کم عمر قرار دے دے تو صارف شناختی سروس کے ذریعے اپنی عمر کی تصدیق کروا سکتا ہے۔ اس کے لیے لائیو سیلفی اور شناختی کارڈ یا دیگر سرکاری دستاویز کی ضرورت ہوگی تاکہ حقیقی عمر کی توثیق کی جا سکے۔
اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ اس فیچر کا بنیادی مقصد کم عمر صارفین کے لیے چیٹ جی پی ٹی کو زیادہ محفوظ بنانا ہے تاکہ انہیں حساس یا ممکنہ مضر مواد تک غیر ضروری رسائی نہ مل سکے۔ اس سسٹم کی تیاری کا اعلان ستمبر 2025 میں کیا گیا تھا اور اب اسے عملی شکل دی جا رہی ہے۔
تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ ٹیکنالوجی کس حد تک درست انداز میں عمر کی پیشگوئی کر پائے گی، خاص طور پر ایسے پلیٹ فارم پر جس کے صارفین کی تعداد تقریباً 80 کروڑ کے قریب ہے۔ ماہرین کے مطابق اتنے بڑے پیمانے پر صارفین کی درست عمر کا تعین ایک بڑا تکنیکی چیلنج ہے۔
واضح رہے کہ اوپن اے آئی اور دیگر اے آئی کمپنیوں کو ماضی میں بچوں کے تحفظ سے متعلق تنقید کا سامنا رہا ہے، جس کے بعد 2025 میں اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی میں اضافی پیرنٹل کنٹرولز متعارف کرانے کا اعلان بھی کیا تھا۔ اس نئی ٹیکنالوجی کو اسی سلسلے کی ایک کڑی قرار دیا جا رہا ہے تاکہ مصنوعی ذہانت کے استعمال کو زیادہ ذمہ دار اور محفوظ بنایا جا سکے۔