ہفتہ، 28-فروری،2026
جمعہ 1447/09/10هـ (27-02-2026م)
تازہ ترین خبریں

اربوں کا نقصان، 2024 میں نصب فائر وال سسٹم بند، فائیو جی نیلامی سے قبل بڑا فیصلہ

21 فروری, 2026 19:35

اسلام آباد: سوشل میڈیا کی نگرانی اور آن لائن مواد کو کنٹرول کرنے کے لیے نصب کی گئی فائر وال کا منصوبہ ناکام ہوگیا، جس کے بعد حکومت نے فائیو جی اسپیکٹرم کی متوقع نیلامی سے قبل اسے مستقل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق یہ فائر وال 2024ء میں نصب کی گئی تھی، تاہم تکنیکی مسائل کے باعث یہ نظام ملک کے ٹیلی کام انفراسٹرکچر کے ساتھ مکمل طور پر ہم آہنگ نہ ہوسکا۔ حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے سے مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہونے پر اسے مستقل طور پر بند کرنا پڑا۔

ذرائع کے مطابق فائر وال منصوبے کی ناکامی سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔ اس سسٹم کی تنصیب اور آپریشنل اخراجات پر بھاری سرمایہ خرچ کیا گیا تھا، مگر کارکردگی توقعات کے مطابق نہ رہی۔

ٹیکنالوجی ماہرین اور آئی ٹی انڈسٹری سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ فائر وال کی وجہ سے انٹرنیٹ کی رفتار متاثر ہوئی، جس کے باعث لاکھوں فری لانسرز اور ہزاروں کمپنیوں کی ڈیجیٹل سروسز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ای کامرس، سافٹ ویئر ایکسپورٹس اور آن لائن سروسز سے وابستہ کاروباروں نے بھی سست رفتار انٹرنیٹ پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

ماہرین نے حکومت کو مشورہ دیا تھا کہ آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر میں سرمایہ کاری کے فروغ اور فائیو جی نیلامی کی کامیابی کے لیے متنازع فائر وال کو بند کرنا ضروری ہے۔ ان کا مؤقف تھا کہ عالمی سرمایہ کار شفاف اور مستحکم ڈیجیٹل ماحول کو ترجیح دیتے ہیں۔

فائر وال کی بندش کے حوالے سے وزارت آئی ٹی کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ ڈیجیٹل پالیسیوں میں تکنیکی ہم آہنگی اور انڈسٹری مشاورت کو زیادہ اہمیت دی جائے گی تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے مسائل سے بچا جاسکے۔

حکومت کے اس فیصلے کو آئی ٹی سیکٹر کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اب توجہ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی بہتری اور تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی پر مرکوز ہونی چاہیے تاکہ پاکستان عالمی ڈیجیٹل معیشت میں مؤثر کردار ادا کرسکے۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔