پاکستان میں فائیو جی سروس کی نیلامی کا پہلا مرحلہ مکمل

پاکستان میں تیز رفتار انٹرنیٹ کے نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے کیونکہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی شروع کردی ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ملک میں جدید ترین انٹرنیٹ سروس کے آغاز کے لیے اسپیکٹرم کی نیلامی کا عمل شروع کر دیا ہے، جس کے ذریعے تیز رفتار ڈیجیٹل رابطوں کا نیا دور شروع ہونے کی توقع ہے۔
حکام کے مطابق اسپیکٹرم کی نیلامی کے ذریعے تقریباً پانچ سو ستانوے میگا ہرٹز فریکوئنسی دستیاب کرائی جائے گی، جس سے نہ صرف فائیو جی سروس متعارف کرائی جا سکے گی بلکہ موجودہ فور جی سروسز میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔
پہلے مرحلے میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں نئی سروس شروع کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے مطابق نیلامی کا عمل مکمل شفافیت کے ساتھ الیکٹرانک نظام کے ذریعے انجام دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : فائیو جی انٹرنیٹ پیکجز کی قیمتیں کتنی ہوں گی؟ اہم تفصیلات سامنے آگئیں
اس مقصد کے لیے خصوصی سافٹ ویئر استعمال کیا جا رہا ہے اور تمام ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں کی موجودگی میں اس نظام کی آزمائش بھی مکمل کی جا چکی ہے۔
نیلامی کے پہلے راؤنڈ کے دوران چھ مختلف بینڈز میں سے دو بینڈز کے لیے باقاعدہ بولیاں لگائی گئی ہیں۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل عامر شہزاد کے مطابق اس اہم حکومتی اقدام میں ملک کی تینوں بڑی ٹیلی کام کمپنیوں نے انتہائی دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بولیوں کے عمل میں بھرپور حصہ لیا ہے۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پہلے راؤنڈ میں دو ہزار چھ سو میگا ہرٹز بینڈ میں ایک سو نوے میگا ہرٹز سپیکٹرم دستیاب تھا۔ اس خاص بینڈ میں انیس لاٹس کے مقابلے کے لیے مجموعی طور پر تیس بولیاں موصول ہوئیں۔
ڈائریکٹر جنرل پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے وضاحت کی کہ دو ہزار چھ سو میگا ہرٹز بینڈ میں گیارہ لاٹس کی اضافی بولیاں آئی ہیں، جس کے باعث اس بینڈ کی قیمت کا تعین اب نئے سرے سے کیا جائے گا۔
دوسری جانب تین ہزار پانچ سو میگا ہرٹز بینڈ میں دو سو اسی میگا ہرٹز سپیکٹرم نیلامی کے لیے پیش کیا گیا تھا۔ اس بینڈ میں اٹھائیس لاٹس دستیاب تھیں، جن کے مقابل بیس لاٹس کی بولیاں موصول ہوئی ہیں۔
پی ٹی اے کے حکام نے بتایا ہے کہ پہلے راؤنڈ کے بعد نیلامی کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے کچھ وقت کے وقفے کے بعد دوسرا راؤنڈ شروع کیا جائے گا۔
اس دوسرے راؤنڈ کی دورانیہ آدھے گھنٹے پر محیط ہوگا، جس میں مزید بولیوں کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ عمل پاکستان میں فائیو جی کی تیز ترین انٹرنیٹ خدمات کے آغاز کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر اطلاعاتی ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ نے افتتاحی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کی معیشت اور ٹیکنالوجی کے شعبے کے لیے تاریخی اہمیت رکھتا ہے۔
ان کے مطابق سپیکٹرم کی نیلامی کے نتیجے میں نہ صرف انٹرنیٹ کی رفتار بہتر ہوگی بلکہ آئی ٹی برآمدات اور ڈیجیٹل خدمات کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












