منگل، 10-مارچ،2026
منگل 1447/09/21هـ (10-03-2026م)

تیز ترین انٹرنیٹ استعمال کرنے کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

10 مارچ, 2026 09:50

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) آج ملک میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کرے گی۔ اس نیلامی کے بعد اسلام آباد، لاہور، کراچی اور دیگر بڑے شہروں میں جلد فائیو جی سروس متعارف کروائی جائے گی۔ ساتھ ہی ملک بھر میں فور جی سروس کے معیار کو بھی بہتر بنانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔

پی ٹی اے کے مطابق فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کے لیے تمام تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے 600 میگا ہرٹز اسپیکٹرم نیلامی کے لیے پیش کیا جائے گا۔ نیلامی کا عمل لائیو نشر کیا جائے گا تاکہ شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔ اس کے علاوہ جدید سافٹ ویئر کے ذریعے نیلامی کے تمام مراحل کی نگرانی کی جائے گی۔

ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں کی موجودگی میں سافٹ ویئر کی ٹیسٹنگ بھی مکمل ہو چکی ہے۔ پی ٹی اے نے کہا ہے کہ ٹیلی کام انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے رائٹ آف وے کی فیس 3600 روپے سے کم کر کے صفر کر دی گئی ہے۔ اس وقت ملک میں 274 میگا ہرٹز اسپیکٹرم دستیاب ہے جبکہ نیلامی میں ہر آپریٹر کو کم از کم 100 میگا ہرٹز خریدنے کی شرط رکھی گئی ہے۔

کوالٹی آف سروس کو بہتر بنانے کے لیے لائسنس ٹیمپلیٹ اور آپریشنل شرائط میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اب پریمیم سروسز میں اپ لنک اسپیڈ کو ڈاؤن لنک کے 20 فیصد تک محدود کر دیا گیا ہے۔ فائیو جی سروس کے لیے کم از کم ڈاؤن لنک اسپیڈ 50 ایم بی پی ایس مقرر کی گئی ہے جبکہ فور جی صارفین کے لیے کم از کم رفتار کو 4 ایم بی پی ایس سے بڑھا کر 20 ایم بی پی ایس تک کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق کامیاب ٹیلی کام کمپنیوں کو ہر سال کم از کم ایک ہزار نئی سائٹس نصب کرنے کی پابندی ہوگی، جن میں سے 20 فیصد نئی سائٹس نئے مقامات پر لگانا لازمی ہوگا۔ حکومت نے 700، 1800، 2100، 2300، 2600 اور 3500 میگا ہرٹز بینڈز میں مجموعی طور پر تقریباً 597 میگا ہرٹز اسپیکٹرم نیلامی کے لیے پیش کیا ہے۔ ابتدائی طور پر فائیو جی سروسز اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں شروع کی جائیں گی۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔