جمعہ، 10-اپریل،2026
جمعہ 1447/10/22هـ (10-04-2026م)

پچاس سال بعد انسانیت کی چاند کی جانب واپسی، آرٹیمس ٹو کے دس روزہ مشن کا آغاز

02 اپریل, 2026 13:13

ناسا نے پچاس سال سے زائد عرصے کے بعد چاند کے گرد تاریخی انسانی مشن آرٹیمس ٹو روانہ کر دیا ہے، جس میں چار خلا باز زمین سے ریکارڈ فاصلے تک سفر کر کے خلائی تحقیق کے نئے باب کا آغاز کریں گے۔

فلوریڈا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے ناسا نے اپنا تاریخی ‘آرٹیمس ٹو’ مشن کامیابی کے ساتھ روانہ کر دیا ہے۔ اس دس روزہ مشن میں چار خلا باز، جن میں ریڈ وائز مین، وکٹر گلوور، کرسٹینا کوچ اور کینیڈا کے جرمی ہینسن شامل ہیں، چاند کے گرد چکر لگا کر واپس آئیں گے۔

یہ پچھلے پچاس سالوں میں پہلا موقع ہے کہ انسان چاند کے اتنے قریب جا رہا ہے۔ یہ مشن اپولو پروگرام کے ریکارڈ کو توڑتے ہوئے زمین سے کسی بھی انسان کے اب تک کے طویل ترین سفر کا ریکارڈ بنا سکتا ہے۔

لانچنگ کے بعد راکٹ کا اوپری حصہ الگ ہو گیا ہے اور اب خلا باز ‘اورین کیپسول’ کی ستر منٹ کی دستی آزمائشی پرواز کر رہے ہیں۔

اس مشن کے ساتھ کچھ چھوٹے سیارچے بھی بھیجے گئے ہیں، جنہیں ‘کیوب اسیٹس’ کہا جاتا ہے۔ یہ سیارچے جرمنی، جنوبی کوریا، سعودی عرب اور ارجنٹائن کی خلائی ایجنسیوں نے فراہم کئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سندھ میں خیراتی اداروں کی نگرانی کے لیے 16 رکنی کمیشن تشکیل

سعودی عرب کا سیارچہ خلا میں شمسی ذرات اور خلائی موسم کی پیمائش کرے گا، جبکہ جرمنی اور جنوبی کوریا کے سیارچے خلائی تابکاری کے اثرات کا جائزہ لیں گے۔

اگلے چوبیس گھنٹے مشن کے لیے انتہائی اہم ہیں، کیونکہ گراؤنڈ کنٹرول خلا بازوں کے زندگی بچانے والے نظام اور جہاز کی صحت کا باریک بینی سے معائنہ کر رہا ہے۔ اگر تمام معائنے کامیاب رہے تو کل رات خلا بازوں کو چاند کی جانب حتمی سفر شروع کرنے کا گرین سگنل دیا جائے گا۔

اس سفر کی سب سے دلچسپ اور خطرناک بات یہ ہے کہ ‘اورین کیپسول’ میں فاصلہ ناپنے والے خودکار آلات یعنی ‘رینج فائنڈرز’ موجود نہیں ہیں۔

خلا بازوں کو اپنی آنکھوں اور کیمروں کی مدد سے فاصلوں کا اندازہ لگانا ہوگا تاکہ وہ راکٹ کے الگ ہونے والے حصے سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھ سکیں۔

پائلٹ وکٹر گلوور کا کہنا ہے کہ یہ مہارت پر بہت بڑا بھروسہ ہے۔ اس وقت خلا باز اپنے مخصوص نارنجی لباس اتار کر آرام دہ کپڑوں میں ہیں اور سونے کی تیاری کر رہے ہیں۔

ناسا کے مطابق یہ مشن انسانی تاریخ کے نئے خلائی سفر کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوگا، جس کے بعد چاند پر انسانی بستیوں کے قیام کی راہ ہموار ہوگی۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔