امریکا، روس کے تعلقات کب بحال ہوں گے؟ کریملن ترجمان نے بتادیا

امریکا، روس کے تعلقات کب بحال ہوں گے؟ کریملن ترجمان نے بتادیا
روسی صدارتی محل کریملن نے کہا کہ ماسکو اور واشنگٹن کے درمیان تعلقات کی بحالی کا عمل ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔
خیال رہے کہ جنوری میں ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد روس اور امریکا کے درمیان دو طرفہ رابطے شروع ہوئے تھے جس کے بعد امریکا نے روس پر عائد پابندیوں میں نرمی کا اعلان بھی کیا تھا۔
ایک بیان میں کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ ہم اپنے دوطرفہ تعلقات کی بحالی کی راہ کے ابتدائی مرحلے میں ہیں، آگے کا راستہ کافی طویل اور مشکل ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے صدور نے اس سلسلے میں سیاسی عزم کا اظہار کیا ہے۔ تاہم پیسکوف نے ان میڈیا رپورٹس کی تردید کی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ روس اور امریکا کے اعلیٰ حکام رواں ہفتے سعودی عرب میں ملاقات کریں گے۔
اتوار کے روز سی این این نے خبر دی تھی کہ ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیدار سعودی عرب میں روس اور یوکرین کے حکام سے الگ الگ ملاقات کریں گے تاکہ دونوں متحارب ممالک کے درمیان کسی سمجھوتے تک پہنچا جا سکے۔
ترجمان نے کہا کہ امریکا سمیت ہر کوئی توقع کرتا ہے کہ یوکرین امن قائم کرنے کی خواہش کا اظہار کرے گا، لیکن یہ دیکھنا بھی ضروری ہے کہ آیا یوکرین کی موجودہ حکومت واقعی امن چاہتی ہے یا نہیں۔
گزشتہ ماہ روس اور امریکا کے حکام نے ریاض میں ملاقات کی تھی جو 2022 میں یوکرین جنگ کے بعد دونوں ممالک کے عہدیداران کی پہلی بیٹھک تھی جس کا مقصد امن مذاکرات اور دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنانا تھا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.