پیر، 1-دسمبر،2025
پیر 1447/06/10هـ (01-12-2025م)

امریکا جانے کے خواہشمد افراد کیلئے اہم خبر آگئی

23 جولائی, 2025 11:36

امریکی حکومت نے غیرملکی سیاحوں کے لیے ایک نئی فیس متعارف کرا دی ہے۔

امریکی حکومت نے غیرملکی سیاحوں اور دیگر نان امیگرنٹ ویزا ہولڈرز کے لیے ایک نئی فیس متعارف کرا دی ہے جسے "ویزا انٹیگریٹی فیس” کا نام دیا گیا ہے۔ اس فیس کی ابتدائی رقم 250 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 71 ہزار 338 روپے بنتی ہے۔ یہ فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے منظور کردہ "ون بگ بیوٹی فل بل ایکٹ” کے تحت کیا گیا ہے۔

یہ نئی فیس یکم اکتوبر 2025 سے نافذ العمل ہوگی اور اسے موجودہ ویزا فیس کے ساتھ اضافی طور پر ادا کرنا ہوگا۔ اس کا اطلاق تمام غیر امیگرنٹ ویزا رکھنے والے افراد پر ہوگا جن میں سیاح، طلبہ، کاروباری افراد اور دیگر عارضی طور پر امریکا جانے والے مسافر شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اس رقم میں مزید اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق صرف 2020 کے دوران امریکا نے 1 کروڑ 10 لاکھ سے زائد نان امیگرنٹ ویزے جاری کیے تھے، جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اس نئی فیس کا اثر لاکھوں افراد پر پڑے گا۔

نئی ویزا انٹیگریٹی فیس، موجودہ ویزا درخواست فیس یا آئی-94 فارم فیس کی جگہ نہیں لے گی بلکہ یہ ان کے ساتھ الگ سے وصول کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ آئی-94 فارم فیس بھی 6 ڈالر سے بڑھا کر 24 ڈالر کر دی گئی ہے۔

تاہم، اس وقت تک امریکی محکمہ داخلہ اور محکمہ خارجہ کی جانب سے فیس کی واپسی کے طریقہ کار سے متعلق کوئی واضح معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔ صرف یہ کہا گیا ہے کہ اگر کوئی مسافر ویزا کی شرائط پر پورا اترتا ہے تو وہ یہ رقم واپس حاصل کرنے کا اہل ہو سکتا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔