پیر، 1-دسمبر،2025
پیر 1447/06/10هـ (01-12-2025م)

طلبا کیلئے بڑی خبر؛ ناروے کا اسٹوڈنٹ ویزا حاصل کرنے کا آسان طریقہ

25 جولائی, 2025 12:06

اگر آپ ناروے جیسے ترقی یافتہ ملک میں روشن مستقبل کے لیے تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اسٹوڈنٹ ویزا کے حصول کا عمل جاننا نہایت ضروری ہے۔

 ناروے کا دارالحکومت اوسلو تعلیمی سرگرمیوں کا مرکز سمجھا جاتا ہے، جہاں قائم بی آئی نارویجن بزنس اسکول کو ملک کا سب سے بڑا اور ممتاز ادارہ تصور کیا جاتا ہے۔ یہ اسکول مختلف ماسٹر ڈگری پروگرامز پیش کرتا ہے، جبکہ اس کا ایگزیکٹو ایم بی اے پروگرام، جو چین کی فوڈان یونیورسٹی اسکول آف مینجمنٹ کے اشتراک سے منعقد ہوتا ہے، فنانشل ٹائمز کی عالمی درجہ بندی میں بھی شامل ہے۔

ناروے میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند طلبہ کو اسٹوڈنٹ ویزا یا اسٹڈی پرمٹ درکار ہوگا، سوائے ان طلبہ کے جو آئس لینڈ، ڈنمارک، سویڈن یا فن لینڈ سے تعلق رکھتے ہیں۔ اسٹوڈنٹ ویزا حاصل کرنے کے لیے چند اہم مراحل اور دستاویزات کی ضرورت ہوتی ہے۔

سب سے پہلے امیدوار کو ناروے کی کسی یونیورسٹی یا کالج میں داخلہ حاصل کرنا ہوگا، جس کے بعد موصول ہونے والا ایڈمیشن لیٹر ویزا درخواست کے لیے بنیادی دستاویز کے طور پر استعمال ہوگا۔ اس کے ساتھ مالی حیثیت کا ثبوت دینا ضروری ہے، جس سے ظاہر ہو کہ طالب علم کے پاس تعلیمی اور رہائشی اخراجات کے لیے سالانہ تقریباً 130,000 نارویجن کرونر (یعنی تقریباً 25 لاکھ پاکستانی روپے) موجود ہیں۔ یہ رقم بینک اکاؤنٹ یا اسکالرشپ کی صورت میں دکھائی جا سکتی ہے۔

طالب علم کو صحت کی انشورنس حاصل کرنی ہوگی جو ناروے میں قیام کے دوران طبی اخراجات کو کور کرے۔ رہائش کا ثبوت بھی درکار ہے، جیسے کہ ہوسٹل بکنگ یا کرائے کے مکان کا معاہدہ۔ ویزا کے لیے پاسپورٹ کم از کم ایک سال کے لیے کارآمد ہونا چاہیے، جبکہ ناروے کی امیگریشن ویب سائٹ (www.udi.no) پر جا کر آن لائن درخواست فارم جمع کروانا ہوگا۔ درخواست فیس تقریباً 5,000 سے 6,000 نارویجن کرونر مقرر کی گئی ہے۔

تعلیمی ریکارڈ کی تصدیق کے لیے پچھلی ڈگریاں، سرٹیفکیٹس اور ٹرانسکرپٹس جمع کرانا ہوں گے، جبکہ بعض کورسز کے لیے انگریزی یا نارویجن زبان پر عبور بھی ثابت کرنا ضروری ہوتا ہے، جس کے لیے IELTS یا TOEFL کے اسکور جمع کروائے جا سکتے ہیں۔

پاکستانی شہریوں کو ویزا کے لیے ناروے کے سفارت خانے یا VFS گلوبل کے ذریعے درخواست دینی ہوگی۔ درخواست سے قبل تمام دستاویزات کی درستگی اور تکمیل یقینی بنانی چاہیے۔

واضح رہے کہ یہ معلومات عمومی نوعیت کی ہیں، اس لیے ویزا سے متعلق تازہ ترین اور درست تفصیلات کے لیے ناروے کی امیگریشن ویب سائٹ یا قریبی سفارت خانے سے رجوع کرنا بہتر ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔