پیر، 1-دسمبر،2025
پیر 1447/06/10هـ (01-12-2025م)

پرتگال کا ویزا کیسے حاصل کریں؟ جانیے

30 جولائی, 2025 12:27

پرتگال نے اکتوبر 2022 میں ڈی 8 ڈیجیٹل نوماڈ ویزا متعارف کرایا، جو غیر یورپی یونین، ای ای اے اور سوئس شہریوں کو ایک سال تک پرتگال میں قیام اور ریموٹ کام کی اجازت دیتا ہے۔

اس ویزا کو بعد ازاں تجدید کیا جا سکتا ہے اور پانچ سالہ قیام کے بعد درخواست دہندہ مستقل رہائش یا شہریت حاصل کرنے کا اہل ہو جاتا ہے۔ ڈیجیٹل نوماڈز کے لیے پرتگال اپنی خوبصورت قدرتی مناظر، جدید انفراسٹرکچر، کم لاگت زندگی اور متحرک ثقافت کی بدولت ایک پرکشش مقام بن چکا ہے۔

ڈی 8 ویزا کے لیے درخواست دہندہ کی عمر کم از کم 18 سال ہونی چاہیے اور اسے کم از کم 3,480 یورو ماہانہ آمدنی کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا، جو کہ پرتگال کی کم از کم تنخواہ سے چار گنا زیادہ ہے۔ ریموٹ یا فری لانس کام کی نوعیت، پرتگال میں رہائش کا انتظام، درست پاسپورٹ، ہیلتھ انشورنس، صاف جرائم ریکارڈ اور 36,480 یورو کی بچت کا ثبوت بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

ویزا کی دو اقسام متعارف کی گئی ہیں: طویل مدتی رہائشی ویزا، جو ابتدائی طور پر چار ماہ کے لیے جاری ہوتا ہے اور پرتگال پہنچنے پر دو سالہ رہائشی اجازت نامے میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ یہ ویزا تین سال تک تجدید کے قابل ہے اور پانچ سال بعد مستقل رہائش یا شہریت کے امکانات فراہم کرتا ہے۔

 اس ویزا کی فیس 75 سے 90 یورو کے درمیان ہے۔ دوسری قسم عارضی قیام کا ویزا ہے، جو ایک سال کے لیے جاری کیا جاتا ہے، متعدد بار تجدید کیا جا سکتا ہے لیکن مستقل رہائش یا فیملی شمولیت کی اجازت نہیں دیتا۔

ڈی 8 ویزا کے تحت پرتگال میں کم از کم ایک سال قیام کی اجازت، شینگن ممالک میں ویزا فری سفر اور پانچ سال بعد شہریت کا راستہ کھلتا ہے۔ اس کے علاوہ سستی صحت کی سہولیات، معیاری تعلیم، اور شہری علاقوں میں انگریزی زبان کی اچھی سمجھ اسے ایک موزوں مقام بناتی ہے۔

درخواست کے عمل میں آمدنی، ریموٹ کام اور دیگر بنیادی شرائط کی تصدیق، مکمل دستاویزات کی تیاری اور پرتگالی قونصلیٹ یا سفارتخانے میں درخواست جمع کرانا شامل ہے۔ منظوری کے بعد ویزا حاصل کیا جاتا ہے اور پرتگال پہنچ کر رہائشی اجازت نامے کے لیے درخواست دی جاتی ہے۔

پرتگال میں ایک فرد کے لیے ماہانہ اخراجات کا اندازہ کچھ یوں ہے: رہائش 1,000 سے 2,000 یورو، یوٹیلیٹیز 180 سے 184 یورو، گروسری 300 سے 500 یورو، انٹرنیٹ اور فون 40 سے 90 یورو، پبلک ٹرانسپورٹ 30 سے 40 یورو، جبکہ ہیلتھ انشورنس کا خرچ 20 سے 100 یورو تک ہو سکتا ہے۔

یاد رہے کہ ڈی 7 ویزا اُن افراد کے لیے ہے جن کی غیر فعال آمدنی کم از کم 820 یورو ماہانہ ہو، جبکہ ڈی 8 ویزا ریموٹ ورکنگ پروفیشنلز کے لیے مخصوص ہے، جس میں زیادہ آمدنی کی شرط ہے لیکن رہائش اور شہریت کے یکساں مواقع موجود ہیں۔

اس کے علاوہ جنوری 2025 میں پرتگال کی بے روزگاری کی شرح 6.2 فیصد ریکارڈ کی گئی، جو ملک میں معاشی استحکام کی عکاسی کرتی ہے۔ پرتگالی بینک اکاؤنٹ کھولنے کے لیے این آئی ایف، شناخت، رہائش کا ثبوت اور آمدنی کی تصدیق ضروری ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔