امریکی صدر کےبھارتی معیشت کو ’’مردہ ‘‘ قرار دینے پر راہول گاندھی کا مؤقف
نئی دہلی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھارتی معیشت کو "مردہ” قرار دیے جانے پر بھارتی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے۔
اپوزیشن رہنما راہول گاندھی نے صدر ٹرمپ کے بیان کو حقیقت قرار دیتے ہوئے نریندر مودی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ امریکی صدر کی تنقید کے بعد راہول گاندھی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی معیشت واقعی مردہ ہے۔
صدر ٹرمپ نے گزشتہ روز ایک بیان میں نہ صرف بھارتی معیشت کو ’’ڈیڈ اکنامی‘‘ یعنی ’’مردہ معیشت‘‘ قرار دیا بلکہ بھارت پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کے ساتھ ساتھ روس کے ساتھ تعلقات پر جرمانہ بھی نافذ کیا ہے۔
ان بیانات کے بعد بھارت کی معاشی پالیسی اور خارجہ امور پر سنگین سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔
اپوزیشن رہنماؤں نے ٹرمپ کے بیان کو مودی حکومت کی ناکام معاشی اور سفارتی پالیسیوں کا ثبوت قرار دیا ہے۔ معروف بھارتی معاشی تجزیہ کاروں نے بھی صورت حال پر گہری مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
راہول گاندھی نے سوشل میڈیا پر اپنے ردعمل میں کہا کہ ٹرمپ نے سچ کہا ہے، بھارتی معیشت مردہ ہے اور اگر یہ بات کسی کو معلوم نہیں تو وہ ملک کے وزیراعظم اور وزیر خزانہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ نے ایک حقیقت بیان کی ہے۔ مودی صرف صنعتکار گوتم اڈانی کے مفادات کے لیے کام کرتے ہیں، عام آدمی کے لیے نہیں۔
راہول گاندھی نے موجودہ حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ آج بھارت کے سامنے اصل مسئلہ یہ ہے کہ حکومت نے ہماری معیشت، دفاع اور خارجہ پالیسی کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ بیانات آنے والے دنوں میں بھارت کی عالمی ساکھ اور اقتصادی صورتحال پر مزید دباؤ ڈال سکتے ہیں، خاص طور پر جب عالمی طاقتیں بھارت کی پالیسیوں پر کھل کر تنقید کرنے لگی ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











