کیا آج زمین مکمل اندھیرے میں ڈوب جائے گی؟ ناسا کا اہم بیان سامنے آگیا
Will the Earth Be Plunged Into Complete Darkness Today? NASA Issues Important Statement
2 اگست 2025 کو مکمل سورج گرہن کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں نے خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے، جن میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ زمین چھ منٹ کے لیے مکمل اندھیرے میں ڈوب جائے گی۔
تاہم امریکی خلائی ادارے ناسا نے ان افواہوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ 2 اگست 2025 کو کوئی سورج گرہن نہیں ہوگا۔ ناسا کے مطابق یہ افواہیں دراصل 2 اگست 2027 کو ہونے والے ایک مکمل سورج گرہن سے متعلق معلومات میں غلط فہمی کا نتیجہ ہیں۔
ناسا کی تفصیلات کے مطابق 2025 میں سورج گرہن کا واحد واقعہ 21 ستمبر کو ہوگا، اور وہ بھی جزوی سورج گرہن ہوگا، جو صرف مشرقی آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، انٹارکٹیکا اور جنوبی بحرالکاہل کے کچھ حصوں میں دیکھا جا سکے گا۔ یہ گرہن پاکستان، بھارت، یورپ، افریقہ یا امریکہ میں نظر نہیں آئے گا کیونکہ یہ ان علاقوں میں رات کے وقت وقوع پذیر ہوگا۔ پاکستان میں یہ جزوی گرہن 21 ستمبر کی رات 11 بج کر 30 منٹ سے لے کر 22 ستمبر کی صبح 3 بج کر 24 منٹ تک جاری رہے گا، مگر نظر نہیں آئے گا۔
دوسری جانب 2 اگست 2027 کو ایک مکمل سورج گرہن ہوگا جسے صدی کا طویل ترین سورج گرہن قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ گرہن یورپ، شمالی افریقہ اور مشرق وسطیٰ کے کئی ممالک بشمول الجزائر، مصر، سعودی عرب، اسپین، لیبیا، یمن اور دیگر میں واضح طور پر دیکھا جا سکے گا۔
پاکستان میں یہ گرہن جزوی طور پر نظر آئے گا، خاص طور پر مغربی اور جنوبی علاقوں میں، جہاں سورج کا تقریباً ایک تہائی حصہ چاند سے ڈھک جائے گا۔ اس گرہن کا دورانیہ زیادہ سے زیادہ 6 منٹ اور 23 سیکنڈ ہوگا، جو 1991 سے 2114 کے دوران زمین پر نظر آنے والے طویل ترین مکمل سورج گرہنوں میں سے ایک ہوگا۔
واضح رہے کہ سورج گرہن اس وقت واقع ہوتا ہے جب چاند زمین اور سورج کے درمیان آ جاتا ہے اور سورج کی روشنی کو مکمل یا جزوی طور پر روک دیتا ہے۔ سورج گرہن کی تین اقسام ہوتی ہیں: جزوی سورج گرہن، مکمل سورج گرہن، اور حلقہ نما سورج گرہن۔ جزوی گرہن میں چاند سورج کے صرف ایک حصے کو ڈھانپتا ہے، مکمل گرہن میں چاند سورج کو مکمل طور پر چھپا دیتا ہے، جب کہ حلقہ نما گرہن میں چاند سورج کے مرکز کو تو ڈھانپ لیتا ہے، لیکن سورج کے کنارے روشن حلقے کی صورت میں نظر آتے ہیں، جسے "رنگ آف فائر” کہا جاتا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











