پیر، 1-دسمبر،2025
پیر 1447/06/10هـ (01-12-2025م)

شادی شدہ جوڑوں کیلئے امریکا نے گرین کارڈ قوانین مزید سخت کردیئے؛ وجہ بھی سامنے آگئی

04 اگست, 2025 14:48

یو ایس سی آئی ایس نے شادی شدہ جوڑوں کیلئے گرین کارڈ قوانین مزید سخت کردیئے ہیں۔

امریکا میں امیگریشن کے ذمہ دار ادارے "یو ایس سی آئی ایس” نے فیملی بیسڈ امیگرنٹ ویزہ پٹیشنز، خصوصاً شادی کی بنیاد پر گرین کارڈ حاصل کرنے کی درخواستوں کی جانچ پڑتال سخت کرنے کے لیے نئی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔ یہ پالیسی یکم اگست 2025 سے نافذ العمل ہو چکی ہے اور تمام جاری اور نئی درخواستوں پر لاگو ہوگی۔

نئی ہدایات کا مقصد جعلی شادیوں، غلط بیانیوں اور امیگریشن قوانین کے غلط استعمال کو روکنا ہے تاکہ صرف حقیقی اور قانونی رشتوں پر مبنی درخواستوں کو ہی منظوری دی جائے۔ یو ایس سی آئی ایس کے مطابق جعلی یا غیر سنجیدہ فیملی بیسڈ درخواستیں نہ صرف امیگریشن نظام پر عوامی اعتماد کو متاثر کرتی ہیں بلکہ خاندانی اتحاد کے مقصد کو بھی کمزور کرتی ہیں۔

نئی پالیسی کے تحت درخواست دہندگان کو اپنے رشتے کی صداقت کے ثبوت کے طور پر شادی کے بعد کی تصاویر، مشترکہ مالی ریکارڈ، بینک اکاؤنٹس، بلز، رہائش کے شواہد اور دوستوں یا رشتہ داروں کے حلف نامے پیش کرنا ہوں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ جوڑوں کا انٹرویو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے، جس میں ان کی ازدواجی زندگی کی حقیقت کو جانچنے کے لیے تفصیلی سوالات کیے جائیں گے۔

یو ایس سی آئی ایس اب درخواست گزاروں کی سابقہ امیگریشن ہسٹری اور ماضی میں دی گئی معلومات کا بھی تفصیل سے جائزہ لے گا۔ اگر کسی بھی قسم کی مشکوک سرگرمی سامنے آئی تو مزید تحقیقات، حتیٰ کہ ڈیپورٹیشن (ملک بدری) کی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔ یہاں تک کہ گرین کارڈ کی منظوری کے باوجود اگر درخواست دہندہ امریکا میں قانونی طور پر رہائش کا اہل نہ پایا گیا تو "نوٹس ٹو اپیئر” (NTA) جاری کر کے عدالت میں طلب کیا جا سکتا ہے۔

یہ سختی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب حالیہ مہینوں میں جعلی شادیوں کے متعدد کیسز منظر عام پر آئے ہیں۔ حال ہی میں بھارتی شہری آکاش پرکاش مکوانا نے اعتراف کیا کہ اس نے گرین کارڈ حاصل کرنے کے لیے جعلی شادی اور جھوٹے گھریلو تشدد کے الزامات کا سہارا لیا تھا۔

عام امریکی شہریوں کے لیے اس پالیسی کا مطلب یہ ہے کہ اگر وہ کسی غیر ملکی شوہر یا بیوی کو اسپانسر کر رہے ہیں تو انہیں رشتے کی سچائی کے ٹھوس شواہد فراہم کرنے ہوں گے۔ یو ایس سی آئی ایس کی جانب سے دیے گئے انٹرویو میں جوڑے کو نہ صرف اپنی ازدواجی زندگی کی تفصیلات بیان کرنی ہوں گی بلکہ ایک دوسرے کے بارے میں ذاتی معلومات بھی پیش کرنی ہوں گی۔

اگرچہ یہ نئی پالیسی حقیقی رشتے رکھنے والوں کے لیے کسی بڑی رکاوٹ کا باعث نہیں بنے گی، تاہم درخواست گزاروں کو اپنی فائل مکمل تیاری اور تمام ضروری دستاویزات کے ساتھ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی قسم کی تاخیر یا پیچیدگی سے بچا جا سکے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔