پیر، 1-دسمبر،2025
پیر 1447/06/10هـ (01-12-2025م)

ورک فرام ہوم کرنے کے خواہشمند افراد کیلئے بڑی خوشخبری

14 اگست, 2025 12:07

فری لانسرز اور دنیا بھر میں گھومتے ہوئے "ورک فرام ہوم” کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے خوشخبری ہے کہ دنیا کے کئی ممالک اب ڈیجیٹل نوماڈ ویزا کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔

 ویزا گائیڈ کی جانب سے جاری کردہ "ڈیجیٹل نوماڈ ویزا انڈیکس 2025” کے مطابق وہ 10 ممالک جو اس طرز زندگی کے لیے بہترین قرار پائے ہیں، نہ صرف سازگار ویزا پالیسیز رکھتے ہیں بلکہ جدید سہولیات، ٹیکس میں چھوٹ اور اعلیٰ معیار زندگی بھی فراہم کرتے ہیں۔

فہرست میں سرفہرست اسپین ہے، جہاں بہترین انٹرنیٹ، معیاری طبی سہولیات اور لچکدار ویزا شرائط موجود ہیں۔ یہاں ڈیجیٹل نوماڈ کے لیے کم از کم ماہانہ آمدنی کی شرط 2646 ڈالر رکھی گئی ہے۔ متحدہ عرب امارات بھی اس فہرست میں شامل ہے، جہاں زیرو انکم ٹیکس اور تیز ترین انٹرنیٹ جیسی سہولیات دستیاب ہیں۔ تاہم یہاں کم از کم آمدنی کی شرط 3500 ڈالر ہے۔

مونٹی نیگرو نے کم لاگت زندگی اور 0 سے 15 فیصد کے درمیان کم ٹیکس کی بنیاد پر اپنی جگہ بنائی ہے، جہاں صرف 1350 ڈالر کی آمدنی درکار ہے۔ بہاماس کی جانب سے ٹیکس فری ماحول اور آمدنی کی کوئی شرط نہ ہونے کے باعث اسے بھی بہترین قرار دیا گیا ہے، بالخصوص ان افراد کے لیے جو ساحلی زندگی کو ترجیح دیتے ہیں۔

ہنگری میں چھ ماہ تک ٹیکس فری قیام کی سہولت موجود ہے اور وہاں 3000 ڈالر کی کم از کم آمدنی درکار ہے۔ کینیڈا اگرچہ 15 سے 33 فیصد تک ٹیکس وصول کرتا ہے، تاہم یہاں آمدنی کی کوئی شرط نہیں رکھی گئی۔ رومانیہ بھی اپنے سستے انٹرنیٹ اور صرف 10 فیصد ٹیکس کی وجہ سے توجہ کا مرکز ہے، جہاں کم از کم آمدنی کی شرط 3950 ڈالر ہے۔

پرتگال میں 20 فیصد ٹیکس عائد کیا جاتا ہے اور وہاں کے لیے کم از کم آمدنی 3548 ڈالر مقرر ہے۔ برازیل میں ٹیکس کی شرح 0 سے 27 فیصد کے درمیان ہے جبکہ آمدنی کی شرط 1500 ڈالر ہے۔ اسی طرح کیوراساؤ بھی ڈیجیٹل نوماڈز کے لیے موزوں ترین ملک کے طور پر سامنے آیا ہے، جہاں نہ کوئی ٹیکس ہے اور نہ ہی آمدنی کی کوئی شرط۔

یہ تمام ممالک نہ صرف ورک فرام ہوم کے خواہش مند افراد کو بہتر روزگار کے مواقع فراہم کرتے ہیں بلکہ انہیں ایک خوبصورت، منفرد اور متوازن طرزِ زندگی کا تجربہ بھی فراہم کرتے ہیں، جو جدید دور میں پیشہ ورانہ آزادی کے خواہاں افراد کے لیے نہایت پرکشش ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔