پیر، 1-دسمبر،2025
پیر 1447/06/10هـ (01-12-2025م)

ٹرمپ اور پیوٹن کی طویل ملاقات میں روس یوکرین جنگ بندی پر کوئی اتفاق نہ ہوسکا

16 اگست, 2025 08:45

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر پیوٹن کی ملاقات ختم ہوگئی جبکہ روس یوکرین جنگ بندی پر کوئی اتفاق نہ ہوسکا۔

غیر ملکی میڈٰیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اور ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ملاقات الاسکا کے جوائنٹ بیس ایلمینڈورف-رچرڈسن (JBER) میں ہوئی۔

دونوں صدور کے درمیان ملاقات  تقریباً 4 گھنٹے تک جاری رہی، دونوں رہنماؤں نے بات چیت کو انتہائی تعمیری قرار دیا مگر یوکرین جنگ ختم کرنے کیلئے سیز فائر کا اعلان نہیں کیا جاسکا۔

ٹرمپ اور پیوٹن کی مشترکہ پریس کانفرنس

ملاقات کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر پیوٹن نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

پیوٹن کی گفتگو

روسی صدر پیوٹن نے ڈونلڈ ٹرمپ سے اپنی بات چیت تعمیری قرار دی اور مذاکرات کیلئے الاسکا دعوت دینے پر ڈونلڈ ٹرمپ سے اظہار تشکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ روس اور امریکا کی مشترکا تاریخ کا اہم حصہ الاسکا سے جڑا ہے، صدر ٹرمپ نے پڑوسیوں کی طرح اچھا رویہ اپنایا اور انہوں نے ٹرمپ کے ساتھ بہت اچھے تعلقات قائم کیے ہیں۔

یوکرین سے جاری جنگ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ یوکرینی عوام کو بھائیوں کی طرح سمجھتے ہیں، یوکرین کی موجودہ صورتحال سانحہ ہے اور روس کیلئے بہت دکھ کا باعث ہے۔

پیوٹن نے کہا کہ یوکرین کی سیکیورٹی یقینی بنائی جانی چاہیے اور اس مقصد کیلئے ماسکو کام کرنے پر تیار ہے تاہم انہوں نے یوکرین تنازعہ نمٹانے اور دیرپا سمجھوتے کیلئے مسئلہ کی جڑ ختم کرنے پر زور دیا۔

روسی صدر کا کہنا تھا کہ پائیدار اور دیر پا امن کے لیے جنگ کی بنیادی وجوہات کو ختم کرنا ہوگا، متعدد بار کہا ہے کہ روس کے تمام جائز خدشات کو زیرغور لانا ہوگا، یورپ سمیت دنیا بھر میں سلامتی کے توازن کو بحال کرنے کا کہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات سرد جنگ کے بعد نچلی ترین سطح پر ہیں، روس کی یوکرین جنگ کے خاتمے اور دیر پا حل میں خاص دلچسپی ہے، امید ہے یورپی ممالک رکاوٹیں کھڑی یا پیش رفت کو ثبوتاژ کرنے کی کوشش نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2022 میں ٹرمپ صدرہوتے تو یوکرین میں جنگ کی نوبت نہ آتی، امید ہے ٹرمپ کے ساتھ اتفاق رائے سے یوکرین میں امن کی راہ ہموار ہوگی۔

ٹرمپ کی گفتگو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مذاکرات کیلئے روسی ہم منصب اور ان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ بہت تعمیری ملاقات رہی، بہت سے معاملات پر پیشرفت کی گئی اور کئی باتوں پر اتفاق کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ سب سے پہلے یوکرینی صدر زیلنسکی کو ٹیلی فون کریں گے اور نیٹو رہنماؤں سے بھی اس معاملے پر بات کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ روس کے ساتھ یوکرین معاملے پر سب سے اہم نکتہ پر اتفاق نہیں کیا جاسکا تاہم ساتھ ہی کہا کہ عین ممکن ہے کہ یوکرین کے معاملے پر روس سے سمجھوتہ ہوجائے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ یوکرین تنازعہ ختم کرنے میں جس قدر یوکرین کو دلچسپی ہے، اس قدر صدر پیوٹن کو بھی ہے، وہ روسی ہم منصب سے ٹیلی فون پر رابطہ کریں گے اور امید ظاہر کی کہ جلد دوسری ملاقات بھی ہوگی۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔