پیر، 13-اکتوبر،2025
اتوار 1447/04/20هـ (12-10-2025م)

امریکا جانے اور گرین کارڈ حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے بڑی خبر آگئی

20 ستمبر, 2025 10:52

امریکا جانے اور گرین کارڈ حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے بڑی خبر آگئی۔

امریکی محکمہ خارجہ نے ڈائیورسٹی ویزا لاٹری پروگرام کی رجسٹریشن پر پہلی بار ایک ڈالر فیس متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیس 16 اکتوبر سے نافذ العمل ہوگی اور اس کے بعد درخواست دہندگان کو رجسٹریشن کے وقت امریکی حکومت کی سرکاری ویب سائٹ کے مجاز پورٹل کے ذریعے ایک ڈالر ادا کرنا ہوگا، جو ناقابل واپسی ہوگی۔

ڈائیورسٹی ویزا لاٹری پروگرام کے تحت ہر سال تقریباً 55 ہزار تارکین وطن کو ویزے دیے جاتے ہیں، خاص طور پر ان ممالک کے افراد کو جن کی امریکہ میں امیگریشن کی شرح کم ہے۔ دنیا بھر سے اس لاٹری میں سالانہ تقریباً 25 ملین افراد رجسٹریشن کرواتے ہیں، اور ایک ڈالر فیس کے نفاذ سے پروگرام کے آپریشنل اخراجات میں تقریباً 25 ملین ڈالر سالانہ آمدنی متوقع ہے، جس میں نظام کی بہتری، ڈیٹا کی حفاظت اور سیکیورٹی کے جائزے شامل ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ اس فیس کے نفاذ سے تھرڈ پارٹی جعلسازوں کی دھوکہ دہی میں کمی آئے گی اور پروگرام کی شفافیت بڑھے گی، تاہم اس کے نتیجے میں درخواست دہندگان کی تعداد میں کچھ کمی متوقع ہے، خاص طور پر ان ممالک سے جہاں معاشی حالات بہتر نہیں ہیں اور فیس کی ادائیگی ایک چیلنج بن سکتی ہے۔

خواہشمند افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رجسٹریشن امریکی حکومت کی سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے کریں اور تھرڈ پارٹی ویب سائٹس سے احتیاط برتیں تاکہ فراڈ کا شکار نہ ہوں۔ اس کے علاوہ، رجسٹریشن کے آغاز سے پہلے تمام مطلوبہ دستاویزات اور ڈیجیٹل تصاویر تیار رکھیں تاکہ کسی بھی قسم کی تاخیر سے بچا جا سکے۔

یہ نئی فیس 2027 کی ڈائیورسٹی ویزا لاٹری اور آئندہ پروگراموں پر بھی لاگو ہوگی، لہٰذا درخواست دہندگان کو امریکی حکومت کے ادائیگی کے مجاز پورٹل سے مکمل آگہی حاصل کرنے کی تاکید کی گئی ہے تاکہ رجسٹریشن کا عمل بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل کیا جا سکے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔