فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنا عوامی حقوق کی فتح ہے: حماس

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے مغربی ممالک کی جانب سے فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے اور اسے فلسطینی عوام کے حقوق کی فتح قرار دیا ہے۔
حماس کے سینئر رہنما محمود مرداوی نے فرانسیسی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی برادری فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کر رہی ہے۔ ان کے مطابق یہ پیش رفت عدل و انصاف اور فلسطینی مقصد کی فتح کی نمائندگی کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنا ایک واضح پیغام ہے کہ قابض قوتیں اپنے جرائم میں جتنی بھی آگے بڑھ جائیں، وہ کبھی فلسطینی عوام کے قومی حقوق کو نہیں مٹا سکتیں۔
ادھر حماس کے ترجمان نے بھی اس اقدام کو فلسطینی عوام کے لیے ایک بڑی کامیابی اور ان کے حقوق کی عالمی سطح پر توثیق قرار دیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت القدس ہوگا۔
یاد رہے کہ برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا کے بعد پرتگال نے بھی فلسطین کو باضابطہ طور پر ایک خود مختار ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پرتگالی وزیر خارجہ نے اس فیصلے کو پرتگال کی خارجہ پالیسی کا بنیادی اور مستقل حصہ قرار دیا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.