بدھ، 24-ستمبر،2025
منگل 1447/04/01هـ (23-09-2025م)

Advertisement

Advertisement

Advertisement

Advertisement

سعودی عرب میں پاسپورٹ پر خصوصی مہر کیوں لگائی جارہی ہے؟ جانیے

23 ستمبر, 2025 14:05

سعودی عرب میں 95واں یومِ الوطنی کے موقع پر وزارت داخلہ نے ایک یادگار اقدام کے طور پر مسافروں کے پاسپورٹس پر خصوصی مہر جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سعودی خبر رساں اداروں کے مطابق ملک کے تمام بین الاقوامی ایئرپورٹس، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں پر مسافروں کے پاسپورٹس پر "عزۃ بطبعنا” (ہماری فطرت ہی ہمارا فخر ہے) کے سلوگن کے ساتھ خصوصی قومی دن کی مہر ثبت کی جا رہی ہے۔

اس موقع پر محکمہ پاسپورٹ کے افسران نہ صرف مسافروں کے پاسپورٹس پر خصوصی مہر لگا رہے ہیں بلکہ انہیں پھول اور یادگاری تحائف بھی پیش کیے جا رہے ہیں، تاکہ قومی دن کی خوشیوں کو ہر سطح پرمحسوس کیا جا سکے۔

یومِ الوطنی ہر سال 23 ستمبر کو اس تاریخی دن کی یاد میں منایا جاتا ہے جب 1932 میں عبدالعزیز بن عبدالرحمان آل سعود نے مملکت سعودی عرب کی بنیاد رکھی تھی۔ اس موقع پر دارالحکومت ریاض سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، بازاروں اور شاہراہوں کو سبز قومی پرچموں اور روشنیوں سے سجا دیا گیا ہے۔

ریاض، جدہ، دمام اور دیگر شہروں میں ثقافتی تقریبات، فوجی پریڈز اور روایتی رقص کا انعقاد کیا گیا، جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریاض میں منعقد ہونے والی مرکزی تقریب میں شاندار آتش بازی، ثقافتی شوز اور روایتی فنونِ لطیفہ نے جشن کو چار چاند لگا دیے۔

سعودی قیادت کی جانب سے قوم کو یومِ الوطنی کی مبارکباد بھی دی گئی، جبکہ شہری گاڑیوں، عمارتوں اور گھروں پر قومی پرچم لہرا کر اس دن کی خوشیوں میں شریک ہو رہے ہیں۔ مملکت ان تقریبات کے ذریعے نہ صرف اپنی تاریخ کو یاد کر رہی ہے بلکہ قومی اتحاد، فخر اور ترقی کے عزم کو بھی اجاگر کر رہی ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔