اسرائیلی وفد ہمارے ملک آتے ہیں اور سازشیں کرتے ہیں، امیر قطر

اسرائیلی وفد ہمارے ملک آتے ہیں اور سازشیں کرتے ہیں، امیر قطر
قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے کہا ہے کہ اسرائیلی وفد ہمارے ملک آتے ہیں اور سازشیں کرتے ہیں۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے دوحا پر فضائی حملے اور "گریٹر اسرائیل” منصوبے کی سخت مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ 9 ستمبر کا حملہ امن عمل کو سبوتاژ کرنے کی واضح کوشش تھا جسے "سیاسی قتل و غارت پر مبنی سفارتکاری” کہا جا سکتا ہے۔
امیر قطر کے مطابق اس حملے میں ایک قطری شہری جاں بحق ہوا، جس سے یہ حقیقت آشکار ہوتی ہے کہ اسرائیل مذاکرات کے پردے میں اپنے سیاسی مخالفین کو ختم کرنے کی حکمت عملی پر عمل کر رہا ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ اسرائیلی وفود قطر میں آ کر سازشیں کرتے ہیں اور مذاکراتی ٹیموں کے اراکین کو نشانہ بناتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اپنے عوام کو گمراہ کر رہا ہے کہ وہ غزہ میں قیدیوں کی رہائی کے لیے بات چیت کر رہا ہے، جبکہ اصل مقصد غزہ کو ناقابل رہائش بنانا ہے۔
شیخ تمیم بن حمد الثانی نے کہا کہ اسرائیلی قیادت جنگ کو طول دینا چاہتی ہے تاکہ "گریٹر اسرائیل” کے منصوبے کو آگے بڑھایا جا سکے، نئی بستیاں قائم کی جائیں اور مقدس مقامات کی حیثیت تبدیل کی جا سکے۔
امیر قطر نے واضح کیا کہ تمام تر رکاوٹوں کے باوجود قطر اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا اور امریکا و مصر کے ساتھ مل کر غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے اقدامات کرے گا۔
انہوں نے عالمی قوانین کی یکساں پاسداری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر اصول سب کے لیے برابر نہ ہوئے تو عالمی امن کو شدید نقصان پہنچے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.
خاص خبریں
Advertisement