اتوار، 12-اکتوبر،2025
اتوار 1447/04/20هـ (12-10-2025م)

آج بھی اقوام متحدہ کا چارٹر عالمی تعاون کے لیے رہنما چراغ ہے،روسی وزیرخارجہ

28 ستمبر, 2025 18:08

روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے یورپ کو آئینہ دکھادیا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے خطاب کرتے ہوئے عالمی صورتحال پر اپنے ملک کا مؤقف پیش کیا۔

سرگئی لاوروف نے کہا کہ 80 برس قبل دوسری عالمی جنگ کے اختتام نے تاریخ کا دھارا بدل دیا، جس میں 7 کروڑ سے زائد انسان ہلاک ہوئے۔ اتحادی افواج کے ساتھ بھائی چارے کی یاد کو مقدس قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج بھی اقوام متحدہ کا چارٹر عالمی تعاون کے لیے رہنما چراغ ہے۔

روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ برابری کے اصول کی غیر مشروط پاسداری ناگزیر ہے، ہر ملک کو اپنی فوجی طاقت، آبادی یا معیشت سے قطع نظر عالمی امور میں جائز مقام ملنا چاہیے۔

فلسطین کے حوالے سے انھوں نے واضح کیا کہ روس نے حماس کے حملے کی مذمت کی تھی لیکن فلسطینی شہریوں کے قتل عام کا بھی کوئی جواز نہیں، جیسے دہشت گردی کا کوئی جواز نہیں۔

لاوروف نے الزام عائد کیا کہ یورپ خاموش ہے مگر یوکرین میں روسی زبان پر پابندی لگائی گئی ہے، جو انسانی حقوق کے منافی ہے۔ ان کے مطابق روسی بولنے والوں کے حقوق کی بحالی لازمی ہے اور اسی بنیاد پر یوکرین کے لیے سکیورٹی ضمانتوں پر بات ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ روس اور امریکہ عالمی امن کے حوالے سے خصوصی ذمہ داری رکھتے ہیں، جبکہ شنگھائی تعاون تنظیم اور بریکس ممالک ترقی پذیر دنیا کی ہم آہنگی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

لاوروف کے مطابق نیٹو اب صرف یورپ تک محدود نہیں رہا بلکہ بحرالکاہل اور جنوبی بحیرہ چین تک پھیل رہا ہے، جس سے چین، روس سمیت پورے خطے کے لیے خطرات بڑھ رہے ہیں۔

انھوں نے یورپ میں بڑھتی ہوئی عسکریت اور ’’تیسرے عالمی جنگ‘‘ کی بات کرنے والے رہنماؤں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نازی ازم دوبارہ سر اٹھا رہا ہے۔

آخر میں روسی وزیر خارجہ نے زور دیا کہ اقوام متحدہ کے رکن ممالک اور سیکریٹریٹ قیام امن کے لیے چارٹر کے اصولوں پر مکمل عملدرآمد کریں اور دوہرے معیار سے اجتناب کریں، تاکہ بانیانِ اقوام متحدہ کی میراث ضائع نہ ہو۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔