اتوار، 12-اکتوبر،2025
اتوار 1447/04/20هـ (12-10-2025م)

امریکا کی ایچ ون بی نئی ویزا پالیسی؛ کونسے ممالک اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں؟ جانیے

30 ستمبر, 2025 13:47

امریکا میں ایچ-1 بی ویزا فیسوں میں نمایاں اضافے کے بعد دنیا کے کئی ترقی یافتہ ممالک نے باصلاحیت غیر ملکی ماہرین کو اپنی جانب راغب کرنے کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

یہ ممالک نہ صرف اپنی امیگریشن پالیسیوں میں تبدیلیاں لا رہے ہیں بلکہ سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ڈیجیٹل مہارت رکھنے والے افراد کے لیے خصوصی مراعات بھی متعارف کرا رہے ہیں۔

برطانیہ میں فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کیئر اسٹرمر اُن تجاویز پر غور کر رہے ہیں جن کے تحت ماہرین کے لیے ویزا فیس مکمل طور پر ختم کر دی جائے گی۔ ان کی حکومت نے ’گلوبل ٹیلنٹ ٹاسک فورس‘ تشکیل دی ہے، جو دنیا بھر سے سائنس دانوں اور ڈیجیٹل ماہرین کو برطانیہ لا کر ملک کی معیشت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ یہ وہ ماہرین ہیں جو ماضی میں امریکا کو ترجیح دیتے تھے۔

چین بھی یکم اکتوبر سے ’K ویزا‘ کے نام سے ایک نئی ویزا اسکیم متعارف کروا رہا ہے۔ یہ ویزا سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی ماہرین کو کسی پیشگی ملازمت یا تحقیقی آفر کے بغیر چین میں تعلیم حاصل کرنے اور ملازمت کرنے کی سہولت دے گا۔ چینی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ چین عالمی سطح پر اعلیٰ صلاحیت رکھنے والے افراد کو خوش آمدید کہتا ہے۔

جنوبی کوریا نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ امریکا کی ویزا پالیسی میں حالیہ تبدیلیوں کا فائدہ اٹھا کر سائنس دانوں اور انجینئرز کو اپنی جانب متوجہ کرے گا۔ صدارتی چیف آف اسٹاف کانگ ہون-سک نے بتایا کہ آئندہ سال کے بجٹ میں مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

کینیڈا نے بھی ستمبر میں اپنے ’کمپری ہینسو رینکنگ سسٹم‘ کے اسکور کی حد کم کر دی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ ماہرین مستقل رہائش کی درخواست دے سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت 2023 میں متعارف کرائی گئی اُس خصوصی اسکیم کو دوبارہ فعال کرنے پر غور کر رہی ہے جس کے تحت امریکا کے ایچ-1 بی ویزا رکھنے والوں کو تین سال تک بہتر شرائط پر کینیڈا میں قیام کی اجازت دی گئی تھی۔ یہ اسکیم 10 ہزار درخواستوں کی حد مکمل ہونے پر جولائی میں بند کر دی گئی تھی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ان ممالک کے اقدامات عالمی ٹیلنٹ کی کشمکش میں ایک نئے باب کا آغاز ہیں، جس میں امریکا کی سخت پالیسیاں دوسرے ممالک کے لیے ایک موقع بن کر سامنے آ رہی ہیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔