عرب ممالک کا امریکی صدر کے غزہ منصوبے کا خیر مقدم

عرب ممالک کا امریکی صدر کے غزہ منصوبے کا خیر مقدم
عرب ممالک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کا خیر مقدم کیا ہے۔
سعودی عرب، اردن، متحدہ عرب امارات، مصر اور قطر نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کی غزہ میں جنگ بندی کی کوششوں کی حمایت کا اعلان کیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فریقین سے معاہدے کو حتمی شکل دینے اور اس پر عملدرآمد کے لیے تعاون پر آمادہ ہیں۔
مشترکہ اعلامیے میں اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب، قطر اور مصر کے وزرائے خارجہ نے امریکی صدر کی قیادت اور خلوص نیت پر مبنی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ٹرمپ کا مقصد غزہ میں جنگ کا خاتمہ اور خطے میں پائیدار امن قائم کرنا ہے۔
وزرائے خارجہ نے اس منصوبے کو خوش آمدید کہا جس میں غزہ کی تعمیر نو، فلسطینی عوام کی جبری بے دخلی کی روک تھام، مغربی کنارے کے انضمام کی مخالفت اور ایک جامع امن منصوبے کی تجاویز شامل ہیں۔
اعلامیے میں اس بات پر زور دیا گیا کہ امریکی شراکت داری سے خطے میں امن و سلامتی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے اور فریقین کے ساتھ مثبت و تعمیری بات چیت کے ذریعے معاہدے کو حتمی شکل دے کر اس پر مؤثر عملدرآمد ممکن بنایا جائے۔
اعلامیے میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ایک ایسا جامع معاہدہ سامنے لایا جائے جس کے تحت غزہ میں بلا رکاوٹ انسانی امداد پہنچے، فلسطینی عوام کی بے دخلی نہ ہو، یرغمالیوں کی رہائی عمل میں آئے اور ایسا سیکیورٹی نظام قائم ہو جو سب فریقین کے تحفظ کو یقینی بنائے جبکہ اسرائیلی فوج مکمل انخلا کرے۔
مزید کہا گیا کہ غزہ کی تعمیر نو کے ساتھ ایک منصفانہ امن کی راہ ہموار ہو جو دو ریاستی حل پر مبنی ہو کیونکہ یہی حل خطے میں دیرپا امن اور استحکام کی ضمانت ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.