اتوار، 12-اکتوبر،2025
اتوار 1447/04/20هـ (12-10-2025م)

چین کا نیا ’’K ویزا‘‘ متعارف؛ اس کی خصوصیات کیا ہیں اور اسے کون حاصل کرسکتا ہے؟

30 ستمبر, 2025 12:07

چین نے غیر ملکیوں کے لیے K ویزا متعارف کروا دیا ہے۔

چین نے سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (STEM) کے شعبوں سے فارغ التحصیل غیر ملکی ماہرین کے لیے ایک نیا اور پرکشش ’K ویزا‘ متعارف کرا دیا ہے، جس کا باقاعدہ آغاز یکم اکتوبر سے ہو رہا ہے۔

اس ویزے کی سب سے نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ اس کے لیے کسی آجر کی جانب سے ملازمت کی پیشکش یا اسپانسرشپ کی ضرورت نہیں، اور یہ ویزا رکھنے والوں کو چین میں داخلے، رہائش اور روزگار کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ چینی حکومت کا یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا، خصوصاً ٹرمپ انتظامیہ نے اپنی ویزا پالیسیوں میں سختی کرتے ہوئے غیر ملکی ورکرز کے لیے مشکلات بڑھا دی ہیں۔

 حالیہ اقدامات کے تحت امریکی کمپنیوں کو H-1B ویزا کے لیے سالانہ ایک لاکھ ڈالر فیس ادا کرنے کی شرط عائد کی گئی ہے، جس کے باعث غیر ملکی ماہرین کے لیے امریکا میں روزگار کے امکانات مزید محدود ہو گئے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ چین کا K ویزا ان افراد کے لیے ایک متبادل راستہ فراہم کرتا ہے جو امریکا میں ملازمت کے مواقع کے منتظر تھے لیکن ویزا پالیسیوں کی سختی کے باعث رکاوٹوں کا شکار ہو گئے۔

جیو پولیٹیکل اسٹریٹیجی کے چیف اسٹریٹیجسٹ مائیکل فیلر نے چین کے اس اقدام کو بروقت اور اسٹریٹیجک قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے اپنی ویزا پالیسی سخت کر کے خود کو نقصان پہنچایا ہے، جبکہ چین نے موقع کا فائدہ اٹھایا ہے۔

تاہم، K ویزا کے حوالے سے کچھ اہم پہلو ابھی واضح نہیں ہیں۔ ویزا ہولڈرز کو چین میں مستقل رہائش، خاندان کے افراد کی اسپانسرشپ اور ملازمت میں آسانی جیسے معاملات میں کن شرائط کا سامنا ہو گا، اس بارے میں چین کی حکومت کی جانب سے مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔