اتوار، 12-اکتوبر،2025
ہفتہ 1447/04/19هـ (11-10-2025م)

متحدہ عرب امارات جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری

30 ستمبر, 2025 15:07

متحدہ عرب امارات نے ویزا قوانین میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے وزٹ ویزا کی چار نئی اقسام متعارف کرا دی ہیں، جن کا مقصد دنیا بھر سے سیاحوں، ماہرین، اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو امارات کی جانب راغب کرنا ہے۔

 فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈنٹیٹی، سٹیزن شپ، کسٹمز اینڈ پورٹ سیکیورٹی (ICP) کے مطابق یہ اقدام امارات کی کھلی پالیسی اور عالمی ٹیلنٹ، انوویٹرز، انٹرپرینیورز اور سیاحوں کو خوش آمدید کہنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

نئی ویزا کیٹیگریز میں مصنوعی ذہانت کے ماہرین کے لیے سنگل یا ملٹی پل انٹری پرمٹ شامل ہے، جس کے لیے کسی مستند ٹیکنالوجی ادارے کا تصدیقی خط ضروری ہوگا۔ تفریحی صنعت میں عارضی شرکت کے خواہشمند افراد کے لیے بھی خصوصی ویزا فراہم کیا جائے گا، جبکہ کانفرنسز، فیسٹیولز، نمائشوں اور دیگر ثقافتی یا تعلیمی ایونٹس میں شرکت کرنے والوں کے لیے میزبان ادارے کی تصدیق کے ساتھ ایونٹ پارٹیسپنٹ ویزا دستیاب ہوگا۔

کروز شپ یا لگژری یاٹ کے ذریعے آنے والے سیاحوں کے لیے ملٹی پل انٹری ویزا جاری کیا جائے گا، بشرطیکہ ان کا روٹ یو اے ای کی بندرگاہوں پر مشتمل ہو اور کسی لائسنس یافتہ ادارے کی اسپانسرشپ حاصل ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ امارات نے ایک نیا "ہیومینیٹیرین ریزیڈنسی ویزا” بھی متعارف کرایا ہے، جو تنازعات یا آفات سے متاثرہ ممالک کے افراد کو بغیر کسی اسپانسر کے ایک سالہ قابلِ توسیع قیام کی سہولت دیتا ہے، تاہم ملک چھوڑنے پر یہ ویزا خود بخود منسوخ ہو جائے گا۔

مزید برآں، غیر ملکی بیواؤں اور مطلقہ خواتین کے لیے ایک سالہ ریزیڈنسی پرمٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے، جو ایک سال کی توسیع کے ساتھ قابل حصول ہے۔ اماراتی شوہروں کی بیوہ یا مطلقہ خواتین بغیر بچوں کے چھ ماہ کے اندر درخواست دے سکتی ہیں، جبکہ غیر ملکی شوہر کی بیوہ یا مطلقہ خواتین، اگر بچوں کی کفالت کرتی ہوں اور امارات میں موجود ہوں، تو وہ بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔

قریبی رشتہ داروں اور دوستوں کی اسپانسرشپ کے حوالے سے بھی آمدنی کی مخصوص حد مقرر کی گئی ہے: قریبی رشتہ دار کے لیے کم از کم 4,000 درہم، دوسرے یا تیسرے درجے کے رشتہ دار کے لیے 8,000 درہم اور دوست کو اسپانسر کرنے کے لیے 15,000 درہم ماہانہ آمدنی کی شرط رکھی گئی ہے۔

مزید ترامیم میں بزنس ایکسپلوریشن ویزا کے لیے مالی استحکام یا پیشہ ورانہ سرگرمی کا ثبوت فراہم کرنا لازم قرار دیا گیا ہے، جبکہ ٹرک ڈرائیورز کے لیے لائسنس یافتہ فریٹ یا لاجسٹک کمپنی کی اسپانسرشپ کے ساتھ سنگل یا ملٹی پل انٹری ویزا جاری کیا جائے گا، جس کے لیے فنانشل گارنٹی، ہیلتھ انشورنس اور مقررہ فیس کی ادائیگی ضروری ہوگی۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔