ہفتہ، 11-اکتوبر،2025
جمعہ 1447/04/18هـ (10-10-2025م)

اسرائیلی بحریہ کا فلوٹیلا کے 42 کشتیوں پر قبضہ، مشتاق احمد سمیت 450 افراد گرفتار

03 اکتوبر, 2025 09:21

اسرائیلی بحریہ نے غزہ کے لیے امدادی سامان لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر کارروائی کرتے ہوئے 42 کشتیوں پر قبضہ کرلیا اور ان میں سوار 450 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار ہونے والوں میں پاکستان کے سابق سینیٹر مشتاق احمد، سویڈن کی ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ اور نیلسن مینڈیلا کے پوتے نکوسی زویلیولیلی بھی شامل ہیں۔

فلوٹیلا کے منتظمین کے مطابق اسرائیلی بحریہ نے کشتیوں کا مواصلاتی نظام اور براہِ راست نشریات معطل کر دی ہیں، بتایا گیا ہے کہ اشدود بندرگاہ پر پہنچنے کے بعد گرفتار کارکنوں کو یورپ ڈی پورٹ کیا جائے گا۔

رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا کہ صیہونی فوج نے فلوٹیلا کی کشتی ’آلکاتالا‘ پر بھی قبضہ کرلیا، جس میں مشتاق احمد موجود تھے، تاہم فلوٹیلا کے مطابق ان کے قافلے کی ایک کشتی ’میرینیٹ‘ ابھی بھی اپنی منزل کی طرف بڑھ رہی ہے جبکہ ایک اور کشتی ’میکینو‘ غزہ کی سمندری حدود میں داخل ہوچکی ہے۔

اس فوجی کارروائی پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے فوج کو شاباش دیتے ہوئے اپنی پالیسی پر سختی سے قائم رہنے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب فلوٹیلا پر حملے کے خلاف دنیا بھر میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ یورپ، لاطینی امریکا اور مشرقِ وسطیٰ کے کئی ممالک میں فلسطین کے حامی ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ برطانیہ، فرانس، اٹلی، اسپین، یونان، ارجنٹینا، کولمبیا اور یمن میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، متعدد شہروں میں ٹریفک معطل رہی جبکہ کچھ مقامات پر مظاہرین نے دکانوں اور ریستورانوں میں بھی توڑ پھوڑ کی۔

یاد رہے کہ یہ فلوٹیلا 31 اگست کو اسپین سے روانہ ہوا تھا اور مختلف ممالک سے کشتیوں کے قافلے اس میں شامل ہوتے گئے، اسرائیلی بحریہ نے فلسطینی سمندری حدود سے تقریباً 70 ناٹیکل میل دور کارروائی کرتے ہوئے کشتیوں کو تحویل میں لینا شروع کیا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔