ٹرمپ کے امن منصوبے پر حماس کا ردعمل: اسرائیل نے غزہ پر قبضے کا منصوبہ فوری طور پر روک دیا

Hamas Responds to Trump's Peace Plan: Israel Immediately Halted Its Plan to Occupy Gaza
اسرائیل نے حماس کے ردعمل کے بعد صدر ٹرمپ کے امن منصوبے کے پہلے مرحلے پر فوری عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق چیف آف اسٹاف کی زیرصدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی چیف آف اسٹاف، آپریشنز، انٹیلی جنس اور پلاننگ ڈائریکٹوریٹ کے سربراہان سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں یرغمالیوں کی رہائی کے منصوبے پر عملدرآمد کی تیاریوں کو آگے بڑھانے کی ہدایت دی گئی اور واضح کیا گیا کہ اسرائیلی افواج کی حفاظت اولین ترجیح ہوگی، جس کے لیے تمام صلاحیتیں سدرن کمانڈ کو تفویض کی جائیں گی۔
دوسری جانب اسرائیلی مغویوں کے اہل خانہ نے صدر ٹرمپ کے بیان کا خیرمقدم کیا لیکن نیتن یاہو سے مطالبہ کیا کہ وہ مغویوں کی واپسی کے لیے فوری مذاکرات شروع کریں۔
اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حماس کے جواب کی روشنی میں اسرائیل مغویوں کی رہائی کے منصوبے کے پہلے مرحلے پر فوری عملدرآمد کے لیے تیار ہے اور جنگ کے خاتمے کے لیے کام جاری رکھے گا جو صدر ٹرمپ کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق حکومت نے آئی ڈی ایف کو ہدایت دی ہے کہ غزہ شہر پر قبضے کے منصوبے کو فوری طور پر روک دیا جائے۔ امریکی میڈیا کا بھی کہنا ہے کہ اسرائیل اپنی کارروائیوں کو غزہ پٹی میں دفاعی نوعیت کا بنا دے گا اور غزہ شہر پر قبضہ کرنے کے آپریشن کو روک دیا جائے گا۔
بین الاقوامی سطح پر برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے رہنماؤں نے بھی اس معاملے پر بیان جاری کیے ہیں۔ برطانوی وزیراعظم نے ٹرمپ معاہدے پر بلا تاخیر عملدرآمد کے لیے تمام فریقین پر زور دیا اور کہا کہ حماس کا امن منصوبہ تسلیم کرنا اہم پیشرفت ہے۔
جرمن چانسلر نے یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ یہ امن کے لیے بہترین موقع ہے، جبکہ فرانس کے صدر میکرون نے بھی حماس کے عزم کو سراہتے ہوئے فوری عملدرآمد کا مطالبہ کیا۔
اقوام متحدہ کے ترجمان نے بھی حماس کے بیان کو یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے لیے حوصلہ افزا قرار دیا اور تمام فریقین سے اپیل کی کہ وہ غزہ میں جنگ کو ختم کرنے کے اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.