ہفتہ، 11-اکتوبر،2025
ہفتہ 1447/04/19هـ (11-10-2025م)

نااہل مودی کی مجرمانہ غفلت سے بھارت میں بچوں کا مستقبل خطرے میں

07 اکتوبر, 2025 09:40

بھارت میں وزیراعظم نریندر مودی کی نااہلی اور دواساز کمپنیوں کے ساتھ مبینہ گٹھ جوڑ نے ایک بار پھر سنگین انسانی سانحے کو جنم دیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مدھیہ پردیش سمیت مختلف علاقوں میں زہریلا کھانسی کا شربت پینے سے 14 بچے ہلاک ہوگئے۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارت میں تیار کیے گئے کھانسی کے شربتوں میں ڈائیتھائلین گلائیکول اور ایتھائلین گلائیکول جیسے زہریلے کیمیکل پائے گئے ہیں۔ ان اموات کے بعد دنیا کے تیسرے بڑے دواساز ملک بھارت کی بین الاقوامی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

ڈوئچے ویلے کے مطابق بھارتی وزارتِ صحت نے تصدیق کی ہے کہ کولڈکف نامی شربت کے نمونوں میں انتہائی خطرناک زہریلا مادہ موجود ہے، رپورٹ میں یاد دہانی کرائی گئی کہ عالمی ادارۂ صحت (WHO) نے 2022 میں بھارتی کھانسی کے شربت کو گیمبیا میں 70 بچوں کی ہلاکت کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔

ادھر مختلف شہروں میں عوام نے حکومت کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے الزام لگایا کہ حکومتی وزراء اور دواساز کمپنیاں جعلی ادویات فروخت کر کے عوام کی جانوں سے کھیل رہی ہیں، مظاہرین نے چیلنج کیا کہ اگر حکومت کو اپنی دوا پر یقین ہے تو وزراء خود اسے استعمال کر کے دکھائیں اور اگر ہوش باقی ہے تو فوری استعفیٰ دیں۔

مظاہرین نے مزید کہا کہ 2023 میں اسی کمپنی کی ایک دوا غیر معیاری قرار دے کر مسترد کی گئی تھی، اس کے باوجود یہ کمپنی دوبارہ سرکاری ٹینڈر حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی، جو ایک سنگین سوالیہ نشان ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق معصوم بچوں کی ہلاکتیں بھارت میں ادارہ جاتی زوال، کرپشن اور حکومتی بے حسی کی واضح عکاسی کرتی ہیں، جبکہ مودی حکومت کی مجرمانہ غفلت اور منافقانہ رویہ بھارت کے عوام کے لیے خطرناک ثابت ہو رہا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔