سعودی عرب سے پاکستان کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

Great News for Pakistan from Saudi Arabia
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاشی شراکت داری کو فروغ دینے کی کوششیں تیز ہو گئی ہیں۔
سعودی عرب کے وژن 2030 اور پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کی روشنی میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی راہداری کی منصوبہ بندی جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کا ایک اعلیٰ سطحی کاروباری وفد رواں ہفتے پاکستان کا دورہ کرے گا، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری کا ایک نیا باب کھلنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر تقریباً ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبے زیر غور ہیں، جبکہ ایک نئے فنڈ کے قیام پر بھی بات چیت جاری ہے۔ یہ اقدام پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان عسکری تعلقات کی طرز پر اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ دفاعی معاہدے کے بعد "پاک سعودی اکنامک کوریڈور” کے قیام پر بھی غور ہو رہا ہے، جو گوادر پورٹ کے ذریعے جنوبی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کے درمیان اقتصادی روابط کا نیا سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے۔ یہ راہداری منصوبہ چین-پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کے ماڈل پر کام کرے گا اور ترقی و سرمایہ کاری کے وسیع مواقع فراہم کرے گا۔
رواں مالی سال کے دوران پاکستان کی سعودی عرب کو برآمدات 700 ملین ڈالر سے تجاوز کر گئی ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں بہتری کا واضح ثبوت ہے۔ سعودی سرمایہ کار بالخصوص زراعت، کان کنی، توانائی اور آئی ٹی کے شعبوں میں دلچسپی رکھتے ہیں اور ان شعبوں میں اقتصادی روابط کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔
ماہرینِ اقتصادیات کا کہنا ہے کہ یہ نئی شراکت داری سرمایہ کاروں کو طویل المدتی سرمایہ کاری کے لیے اعتماد فراہم کرے گی اور کارپوریٹ فارمنگ، ڈیری اور گوشت کی پیداوار جیسے شعبوں میں بڑے منصوبوں کی راہ ہموار کرے گی۔ اس پیش رفت کو پاکستان کی معیشت کے لیے ایک مثبت اور امید افزا اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.