ہفتہ، 11-اکتوبر،2025
ہفتہ 1447/04/19هـ (11-10-2025م)

افغانستان پر ساتویں ماسکو فارمیٹ مشاورت، علاقائی ممالک کا مشترکہ اعلامیہ جاری

07 اکتوبر, 2025 19:51

افغانستان سے متعلق ماسکو فارمیٹ مشاورت کے ساتویں اجلاس کا انعقاد ماسکو میں ہوا، جس میں افغانستان، بھارت، ایران، قازقستان، چین، کرغزستان، پاکستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان کے خصوصی نمائندوں اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جبکہ بیلا روس کا وفد بطور مہمان شریک ہوا۔

یہ پہلا موقع تھا کہ افغان وزیرِ خارجہ امیر خان متقی کی سربراہی میں افغان وفد اجلاس میں بطور رکن شریک ہوا۔ اجلاس کے اختتام پر جاری مشترکہ اعلامیہ میں تمام فریقین نے افغانستان کو خودمختار، متحد اور پُرامن ریاست کے طور پر قائم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

شرکاء نے افغانستان اور علاقائی ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی روابط، سرمایہ کاری، صحت، غربت کے خاتمے، زراعت اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ افغانستان کو علاقائی ترقیاتی منصوبوں میں فعال طور پر شامل کیا جائے تاکہ وہ جلد از جلد خود انحصاری اور پائیدار ترقی حاصل کر سکے۔

فریقین نے افغان عوام کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کے تسلسل کی حمایت کی اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس امداد کو سیاسی مقاصد سے مشروط کرنے سے گریز کرے۔

اجلاس میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے دوطرفہ اور کثیرالجہتی سطح پر تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ افغان سرزمین کو کسی بھی ملک یا خطے کے خلاف دہشت گرد سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔

علاقائی فریم ورکس کے کردار کو بھی انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے فریقین نے ان ممالک پر زور دیا جو افغانستان کی موجودہ صورتحال کے ذمہ دار ہیں کہ وہ اس کی اقتصادی بحالی اور مستقبل کی ترقی کے لیے اپنے وعدے پورے کریں۔

مشترکہ اعلامیہ میں افغانستان یا ہمسایہ ممالک میں کسی بھی ملک کی فوجی تنصیبات کے قیام کو علاقائی امن و استحکام کے لیے ناقابلِ قبول قرار دیا گیا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔