غزہ میں جنگ بندی کے امکانات پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہیں، ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں جنگ بندی کے امکانات پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہیں۔
صدر ٹرمپ نے یہ بات وائٹ ہاؤس میں کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی سے ملاقات کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں امن کی بحالی کی کوششیں اب ایک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں، ہم مشرق وسطیٰ میں ایک بڑے امن معاہدے کے قریب ہیں، جو صرف غزہ نہیں بلکہ پورے خطے میں مثبت تبدیلی لا سکتا ہے۔
انہوں نے تصدیق کی کہ امریکی مذاکرات کار اس وقت مصر میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری بالواسطہ مذاکرات میں شریک ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور داماد جیرڈ کشنر بھی اس عمل کا حصہ ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ امریکا یرغمالیوں کی فوری رہائی چاہتا ہے، ہماری ٹیمیں اس مقصد کے لیے سرگرم ہیں، اور عالمی سطح پر بھی ان کوششوں کی حمایت بڑھ رہی ہے۔
امریکی صدر نے امید ظاہر کی کہ اگر اسرائیل اور حماس جنگ بندی پر متفق ہو جاتے ہیں تو امریکا اس بات کو یقینی بنائے گا کہ تمام فریق معاہدے کی مکمل پاسداری کریں اور خطے میں پائیدار امن قائم ہو۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.