جمعہ، 10-اکتوبر،2025
جمعہ 1447/04/18هـ (10-10-2025م)

غزہ میں امن کے لیے مذاکرات کا دوسرا مرحلہ، حماس نے جنگ بندی کی یقین دہانی مانگ لی

08 اکتوبر, 2025 08:40

اسرائیل اور حماس کے درمیان مذاکرات کا دوسرا مرحلہ مکمل ہوگیا جس میں قیدیوں کی رہائی اور اسرائیلی فوج کے انخلا کے طریقہ کار پر بات چیت کی گئی۔

مذاکرات کا یہ عمل مصر کے شہر شرم الشیخ میں جاری ہے اور آج اس کا سلسلہ مزید آگے بڑھے گا۔

ذرائع کے مطابق آج کے اجلاس میں قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی اور امریکی ثالث بھی شریک ہوں گے، مذاکرات میں امریکی نمائندہ برائے مشرق وسطیٰ اسٹیو وٹکوف اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر بھی شامل ہوں گے، جبکہ ترکیہ کا وفد انٹیلی جنس چیف ابراہیم قالن کی قیادت میں شریک ہوگا۔

حماس کے سینئر رہنما خلیل الحیہ نے واضح کیا کہ تنظیم کسی معاہدے پر رضامند ہے لیکن اس سے پہلے جنگ کے مکمل خاتمے کی ضمانت ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین دہانی چاہیے کہ یہ جنگ دوبارہ شروع نہیں ہوگی، کیونکہ اسرائیل پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا، انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں قیدیوں کی رہائی کو اسرائیلی فوج کے مرحلہ وار انخلا کے ساتھ جوڑنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

حماس کے دیگر رہنماؤں نے بھی تصدیق کی کہ مذاکرات کا محور قیدیوں کے تبادلے، فوجی انخلا اور جنگ بندی کے مستقل ڈھانچے پر ہے۔

ذرائع کے مطابق حماس کے بنیادی مطالبات میں غزہ میں مکمل اور پائیدار جنگ بندی، اسرائیلی فوج کا انخلا، امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی، بے گھر فلسطینیوں کی محفوظ واپسی، غزہ کی تعمیر نو اور قیدیوں کا منصفانہ تبادلہ شامل ہیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔