ڈونلڈ ٹرمپ کا چین پر اضافی 100 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا چین پر اضافی 100 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کے خلاف ایک بڑا معاشی قدم اٹھاتے ہوئے چینی درآمدات پر اضافی 100 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کر دیا۔
ٹرمپ نے یہ اعلان اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کیا، انہوں نے کہا کہ نومبر سے چین سے آنے والی تمام مصنوعات پر 100 فیصد نیا درآمدی ٹیکس لاگو ہوگا، یہ اقدام امریکی صنعتوں اور مزدوروں کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔
اس سے پہلے امریکا نے چینی مصنوعات پر 30 فیصد ٹیرف عائد کیا ہوا تھا، نئے فیصلے کے بعد عالمی مالیاتی منڈیوں میں مندی دیکھی گئی، اسٹاک مارکیٹس میں تیزی سے گراوٹ آئی جبکہ سرمایہ کاروں میں بے چینی بڑھ گئی۔
ٹرمپ نے اس اعلان سے چند گھنٹے قبل ایک تفصیلی پوسٹ میں چین پر الزام لگایا تھا کہ وہ نایاب معدنیات کی برآمدات پر پابندیاں لگا کر دنیا کو دباؤ میں لانا چاہتا ہے، یہ نایاب معدنیات جدید ٹیکنالوجی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، ان کا استعمال اسمارٹ فونز، الیکٹرک گاڑیوں، فوجی سازوسامان اور قابلِ تجدید توانائی کے آلات میں ہوتا ہے، چین ان معدنیات کی پیداوار اور پراسیسنگ میں عالمی سطح پر سب سے آگے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا کسی بھی صورت چین کو دنیا کو "یرغمال” بنانے نہیں دے گا۔ انہوں نے چین کے طرزِ عمل کو "انتہائی دشمنانہ” قرار دیا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.