منگل، 14-اکتوبر،2025
منگل 1447/04/22هـ (14-10-2025م)

پاکستان سے ایران جانے والے زائرین کے لئے بڑی خبر آگئی

14 اکتوبر, 2025 15:31

ایران کی سرکاری ایئرلائن ایران ایئر نے پاکستان کے لیے اپنے فلائٹ آپریشن کا آغاز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ایئرلائن کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ مشہد سے لاہور کے درمیان ہفتہ وار پرواز چلائی جائے گی۔ اس سروس کا باقاعدہ آغاز 29 اکتوبر 2025 سے ہوگا۔ ایران ایئر کی یہ نئی سروس پاکستانی زائرین اور سیاحوں کے لیے ایک سہولت بن کر سامنے آئے گی، خاص طور پر ان افراد کے لیے جو ایران کے مقدس شہروں کا سفر کرنا چاہتے ہیں۔ ابتدائی طور پر پروازیں ہفتے میں ایک بار چلائی جائیں گی، تاہم مستقبل میں طلب کے مطابق ان کی تعداد بڑھائی جا سکتی ہے۔

دوسری طرف پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی (CAA) نے مشکلات کا شکار سیرین ایئر کو دو ہفتوں کے لیے مشروط فلائٹ آپریشن کی اجازت دے دی ہے۔ یہ اجازت صرف سعودی عرب کے شہر جدہ میں پھنسے پاکستانی مسافروں کو وطن واپس لانے کے لیے دی گئی ہے۔

سی اے اے کے ترجمان کے مطابق سیرین ایئر کو بین الاقوامی سطح پر نئی پروازیں چلانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ وہ صرف موجودہ صورتِ حال کے تحت جدہ سے مسافروں کو واپس لا سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سیرین ایئر کو اپنا وہ گراؤنڈ طیارہ بھی پاکستان واپس لانے کی اجازت دے دی گئی ہے جو سعودی عرب میں پرندہ ٹکرانے کے واقعے کے بعد خراب ہوگیا تھا۔

یاد رہے کہ سی اے اے نے حال ہی میں ریگولیٹری قواعد کی خلاف ورزی پر سیرین ایئر کا ایئر آپریٹرز سرٹیفکیٹ معطل کر دیا تھا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سیرین ایئر کے پاس ایک بھی ایسا طیارہ موجود نہیں تھا جو پرواز کے لیے مکمل طور پر تیار ہو۔ اسی بنیاد پر فضائی آپریشن بند کیا گیا تھا۔

ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ سیرین ایئر ضروری ضوابط پر عملدرآمد کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ اپنا سرٹیفکیٹ فوری طور پر جمع کروائیں۔

سیرین ایئر کی انتظامیہ نے اس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ایک طیارہ سعودی عرب میں پرندہ ٹکرانے کے باعث گراؤنڈ ہو چکا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ صرف اسی صورتحال کی وجہ سے مسافر پھنسے ہیں اور انہیں اجازت دی جائے کہ وہ صرف اپنے مسافروں کو واپس لا سکیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔