منگل، 14-اکتوبر،2025
منگل 1447/04/22هـ (14-10-2025م)

حماس نے ریڈ کراس کی نگرانی میں 4 اسرائیلی مغویوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کردیں

14 اکتوبر, 2025 08:20

غزہ جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کے تحت فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے ایک اور اہم پیش رفت کرتے ہوئے 20 زندہ یرغمالیوں کی رہائی کے بعد 4 اسرائیلی مغویوں کی لاشیں بھی بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کے ذریعے اسرائیلی حکام کے حوالے کر دی ہیں۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق جن افراد کی لاشیں حماس نے حوالے کیں، ان میں گائے ایلوز، یوسی شارابی، بپن جوشی اور ڈینیئل پریز شامل ہیں۔ لاشوں کی حوالگی کا پورا عمل بین الاقوامی مبصرین کی نگرانی میں مکمل کیا گیا تاکہ کسی بھی فریق کی جانب سے خلاف ورزی نہ ہو۔

حماس کے ترجمان نے بتایا کہ تنظیم کو مزید 24 اسرائیلی مغویوں کی لاشوں کی بازیابی میں مشکلات درپیش ہیں کیونکہ غزہ میں جاری اسرائیلی بمباری کے باعث متعدد قبرستان تباہ ہو چکے ہیں جبکہ کچھ لاشوں کے ملبے تلے دبے ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

اس سے ایک روز قبل حماس نے جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے میں 20 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا تھا۔ ان تمام افراد کو ریڈ کراس کی تحویل میں اسرائیل منتقل کیا گیا جہاں ان کی صحت تسلی بخش قرار دی گئی۔

دوسری جانب معاہدے کے دوسرے مرحلے میں اسرائیلی حکومت نے 1,968 فلسطینی قیدیوں کو جیلوں سے رہا کیا، جنہیں بسوں کے ذریعے غزہ اور مغربی کنارے پہنچایا گیا۔

قیدیوں کی گھروں واپسی پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے، برسوں بعد اپنے اہلِ خانہ سے ملنے والے فلسطینی شہری خوشی سے آبدیدہ ہو گئے، جبکہ مختلف شہروں میں استقبال اور جشن کے مناظر بھی دیکھے گئے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔