منگل، 14-اکتوبر،2025
منگل 1447/04/22هـ (14-10-2025م)

جیل کے حالات بہت زیادہ سخت تھے، ہمیں مارا پیٹا جاتا رہا؛ اسرائیلی جیلوں سے رہائی پانے والے فلسطینی قیدیوں کی دردناک کہانیاں سامنے آ گئیں

14 اکتوبر, 2025 09:20

اسرائیلی جیلوں سے رہائی پانے والے فلسطینی قیدیوں کی دردناک کہانیاں سامنے آ گئیں۔

غزہ جنگ بندی معاہدے کے نتیجے میں حماس کی جانب سے 20 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے بعد تقریباً 2 ہزار فلسطینی قیدی اسرائیلی جیلوں سے آزاد ہو چکے ہیں، ان میں سے متعدد قیدیوں کی مغربی کنارے آمد پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔

رہائی پانے والے ایک فلسطینی شہری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب سے پہلے اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں، اور پھر غزہ کے عوام اور مزاحمت کاروں کے قدم چومتے ہیں جنہوں نے ہمیں عزت کے ساتھ رہائی دلوائی۔

انہوں نے کہا کہ میری دعا ہے کہ تمام فلسطینی قیدیوں کو آزادی نصیب ہو، جیسے ہم اپنے گھر اور خاندان والوں کے پاس لوٹے ہیں، ویسے ہی وہ بھی جلد اپنے پیاروں سے مل سکیں۔

رہائی کے موقع پر جب صحافی نے ان سے اسرائیلی جیلوں میں قید کے حالات کے بارے میں سوال کیا تو فلسطینی شہری کا لہجہ بھرآ گیا۔ اس نے بتایا کہ "جیل کے حالات انتہائی سخت تھے، ہمیں چار دن پہلے کوٹھریوں سے نکالا گیا اور اس کے بعد مسلسل تشدد اور ذلت کا سامنا کرنا پڑا۔”

اسرائیلی جیلوں سے رہائی پانے والے قیدیوں کی بڑی تعداد نے بتایا ہے کہ انہیں خوراک کی کمی، طبی سہولتوں کی عدم فراہمی اور نفسیاتی دباؤ جیسے سنگین مسائل کا سامنا رہا۔ تاہم، اس تمام تکلیف کے باوجود وہ اپنی جدوجہد کو آزادی کی راہ کا حصہ قرار دیتے ہیں۔

رہائی پانے والے قیدیوں کے گھروں واپسی پر مغربی کنارے میں خوشی اور آنسوؤں سے بھرے مناظر دیکھنے میں آئے۔ لوگوں نے غزہ کے مزاحمتی گروہوں کے لیے نعرے لگائے اور آزادی کے اس عمل کو "قربانیوں کا صلہ” قرار دیا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔