منگل، 21-اکتوبر،2025
منگل 1447/04/29هـ (21-10-2025م)

مسلمانوں کے خلاف نفرت و تشدد، جابر مودی کا آزمودہ انتخابی ہتھیار

21 اکتوبر, 2025 09:30

بھارت میں اقلیتوں، خاص طور پر مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیانیے اور پرتشدد کارروائیوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے، جو بظاہر حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی منظم انتخابی حکمت عملی کا حصہ بن چکا ہے۔

الجزیرہ کی ایک حالیہ تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق، بی جے پی کے زیرِ اقتدار ریاستوں میں انتخابات کے دوران مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر اور حملے باقاعدگی سے دیکھنے میں آتے ہیں۔ انتہا پسند ہندو تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے ساتھ مل کر بی جے پی ان واقعات کو ہوا دیتی ہے تاکہ ووٹروں کی مذہبی بنیادوں پر صف بندی کی جا سکے۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیانیہ نہ صرف منظم انداز میں پھیلایا جا رہا ہے بلکہ بھارتی مین اسٹریم میڈیا، جسے ’گودی میڈیا‘ کہا جاتا ہے، بھی اس نفرت کو جواز فراہم کرنے میں مصروف ہے۔ مسلمانوں کو ملک دشمن اور جرائم پیشہ کے طور پر پیش کرنا معمول بن چکا ہے۔

الجزیرہ کے مطابق مسلمانوں کی املاک کو نذرِ آتش کرنے، ان کے گھروں اور دکانوں پر حملے کرنے جیسے واقعات کو بھارتی میڈیا معمولی اور غیر اہم سمجھ کر رپورٹ کرتا ہے۔ کئی مواقع پر ہندو انتہا پسند ان پرتشدد کارروائیوں کا جشن مناتے ہیں۔

رائٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق 2023 میں بھارت میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کے 668 واقعات ریکارڈ کیے گئے جبکہ 2024 میں یہ تعداد بڑھ کر 1,165 ہو گئی۔ یہ اعداد و شمار اس امر کی واضح نشاندہی کرتے ہیں کہ مودی حکومت کے زیر اثر مذہبی منافرت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

بھارتی ویب سائٹ دی کوئنٹ کے مطابق، اپریل تا مئی 2024 کے دوران ملک گیر سطح پر مسلمانوں کے خلاف کم از کم 184 نفرت پر مبنی جرائم رپورٹ ہوئے، جن میں مارپیٹ، مذہبی مقامات کی توہین اور ہراسانی شامل ہیں۔

یہی نہیں، بلکہ مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم کو رپورٹ کرنے والے صحافی بھی انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بن رہے ہیں۔ الجزیرہ کا کہنا ہے کہ کئی صحافیوں کو دھمکیاں دی گئیں، گرفتار کیا گیا یا ان پر مقدمات قائم کیے گئے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی نے مذہبی انتہا پسندی کو سیاسی کامیابی کے لیے مؤثر ہتھیار میں تبدیل کر دیا ہے۔ مسلمانوں کے خلاف نفرت کی آگ بھڑکا کر انتہا پسند ہندوؤں کی حمایت حاصل کرنا بی جے پی کی سیاسی حکمت عملی کا مرکزی جزو بن چکا ہے۔

مودی سرکار کے دور میں ہندوستان کا جمہوری اور سیکولر چہرہ دھندلا پڑ چکا ہے، جہاں اقلیتوں کے تحفظ کے بجائے ان کے خلاف نفرت، تشدد اور امتیازی سلوک کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔