بدھ، 22-اکتوبر،2025
بدھ 1447/04/30هـ (22-10-2025م)

بھارتی وزیراعظم کو بتادیا کہ پاکستان کے ساتھ جنگ نہیں ہونی چاہیے، امریکی صدر

22 اکتوبر, 2025 07:40

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ میں نے بھارتی وزیراعظم کو بتادیا کہ پاکستان کے ساتھ جنگ نہیں ہونی چاہیے۔

وائٹ ہاؤس میں دیوالی کی تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم سے ان کی تفصیلی بات چیت ہوئی ہے جس میں تجارت سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کو صاف بتادیا کہ پاکستان کے ساتھ جنگ نہیں ہونی چاہیے، انہوں نے دونوں ممالک کو خبردار کیا تھا کہ اگر جنگ ہوئی تو امریکا ان کے ساتھ تجارت بند کردے گا، جس کے 24 گھنٹے بعد دونوں نے جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے 8 جنگیں رکوائیں، جن میں پاک بھارت جنگ سب سے بڑی تھی، اس جنگ میں 7 طیارے گرائے گئے تھے لیکن میں نے مداخلت کرکے بڑی تباہی روکی۔

ٹرمپ نے کہا کہ بھارت اب روس سے زیادہ تیل نہیں خریدے گا اور امریکا کے ساتھ تجارتی تعلقات میں بہتری کی کوشش کرے گا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ میں نے زیادہ تر جنگیں تجارت کے ذریعے رکوائیں، اب چین کے ساتھ بھی 2 ہفتوں میں اہم معاملات پر بات چیت ہونے والی ہے، اور مجھے امید ہے کہ ایک شفاف ڈیل سامنے آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ محصولات (کسٹم ڈیوٹی) امریکی معیشت اور قومی سلامتی کے تحفظ کا ایک اہم ذریعہ ہیں، کیونکہ چین اور یورپی ممالک نے برسوں سے امریکا پر سخت محصولات عائد کر رکھے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں، اس لیے جنگ ان کے لیے نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے خطرناک ہوگی۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔