پاکستان کی کامیاب سفارت کاری نے عالمی منظرنامہ بدل دیا، امریکی جریدے فارن پالیسی کا اعتراف
پاکستان کی کامیاب سفارت کاری نے عالمی منظرنامہ بدل دیا، امریکی جریدے فارن پالیسی کا اعتراف
پاکستان کی کامیاب حکومتی اور عسکری سفارت کاری کو عالمی سطح پر غیر معمولی پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔
امریکی جریدے “فارن پالیسی” نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان نے اپنی متوازن خارجہ پالیسی اور فعال سفارتی حکمتِ عملی کے ذریعے خطے میں طاقت کا نیا توازن قائم کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ چھ ماہ میں پاکستان کی سفارت کاری نے علاقائی سیاست میں نئی جہتیں متعارف کرائی ہیں، پاکستان نے امریکا سے تعلقات کی بحالی، چین سے تعلقات کے فروغ، ترکی، ایران اور ملائیشیا کے ساتھ معاہدوں کے ذریعے عالمی توجہ حاصل کی ہے۔
جریدے نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک دفاعی معاہدہ خطے میں ایک نئی سفارتی لہر کا باعث بنا، جس نے پاکستان کو مشرقِ وسطیٰ کی سیاست میں ایک کلیدی کردار بنا دیا۔
فارن پالیسی کے مطابق اسلام آباد اور واشنگٹن کے تعلقات میں نئی گرمجوشی کی ابتدا اس وقت ہوئی جب پاکستان نے داعش خراسان کے دہشت گرد کو گرفتار کیا، جو کابل ایئرپورٹ حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا، اس پیش رفت کے بعد امریکی سینٹ کام کے سربراہ جنرل مائیکل کوریلا نے پاکستان کے انسدادِ دہشت گردی تعاون کو “غیر معمولی اور مؤثر” قرار دیا۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ امریکا اور پاکستان کے تعلقات کی بحالی سے واشنگٹن اور نئی دہلی کے روابط میں دراڑ پیدا ہو گئی ہے، ٹرمپ اور مودی کے درمیان تلخ فون کال کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہوئے، جبکہ پاکستان کے لیے سفارتی مواقع کی نئی راہیں کھل گئیں۔
فارن پالیسی نے انکشاف کیا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور صدر ٹرمپ کے درمیان دو گھنٹے طویل ملاقات نے تعلقات میں نئی گرمجوشی پیدا کی، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور ٹرمپ کی ملاقاتوں کے نتیجے میں پاکستان نے ایک شاندار تجارتی پیکیج حاصل کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ امریکی کمپنی نے وزیراعظم شہباز شریف کی مؤثر سفارت کاری کے نتیجے میں 500 ملین ڈالرز سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
جریدے نے نتیجہ اخذ کیا کہ پاکستان نے امریکا، چین اور سعودی عرب جیسے عالمی طاقت مراکز کے ساتھ بیک وقت مضبوط تعلقات قائم کر کے سفارت کاری میں ایک نیا سنگِ میل عبور کیا ہے۔
پاکستان کی متوازن خارجہ پالیسی اور فعال عالمی کردار نے اسے خطے کا سفارتی فاتح بنا دیا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











