ہفتہ، 29-نومبر،2025
جمعہ 1447/06/07هـ (28-11-2025م)

بنگلا دیش کا بھارت سے شیخ حسینہ واجد کی حوالگی کا مطالبہ

17 نومبر, 2025 17:07

بنگلا دیش نے بھارت سے شیخ حسینہ واجد کی حوالگی کا مطالبہ کردیا ہے۔

بنگلادیشی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت فوری طور پر شیخ حسینہ واجد کو حوالے کرے، سابق وزیر داخلہ اسد الزماں کمال کو بھی بنگلا دیش کے حوالے کیا جائے۔

بنگلادیشی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ مجرموں کو پناہ دینا بھارت کا غیر دوستانہ اقدام ہے، مجرموں کو پناہ دینا انصاف کی بے توقیری ہے۔

واضح رہے کہ بنگلادیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے خلاف مبینہ ریاستی جرائم کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے خصوصی عدالت نے انہیں سزائے موت کا حکم سنا دیا تھا۔

عدالت کا کہنا تھا کہ کیس میں پیش کیے گئے شواہد کے مطابق سابق وزیراعظم کے دورِ حکومت میں مظاہرین کے خلاف طاقت کے "غیر متناسب اور سخت استعمال” کے واقعات پیش آئے۔

فیصلے میں کہا گیا تھا کہ حسینہ واجد نے اپنے اقتدار کے دوران ملک بھر میں جاری مظاہروں کو روکنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مہلک ہتھیاروں کے استعمال کی اجازت دی جس کے نتیجے میں متعدد شہری ہلاک اور زخمی ہوئے۔

عدالت کے مطابق حکومتی اختیارات کا ناجائز استعمال اور شہری آزادیوں کی سنگین خلاف ورزیاں مقدمے کا مرکزی حصہ تھیں۔

سابق وزیراعظم کی قانونی ٹیم نے فیصلے کو "سیاسی انتقام” قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اسے اعلیٰ عدالت میں چیلنج کرے گی۔

دوسری جانب حکومتی ترجمان کا کہنا تھا کہ فیصلہ "قانونی تقاضوں اور شواہد کی بنیاد پر” سنایا گیا ہے۔

سزائے موت کے فیصلے پر شیخ حسینہ واجد کا ردِعمل

سابق وزیراعظم بنگلادیش شیخ حسینہ واجد نے ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان پر لگائے گئے الزامات “جھوٹے” ہیں اور وہ اپنے حامیوں کو یقین دلاتی ہیں کہ انہیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے جو فیصلہ سنانا ہے، سنادیں، مجھے پرواہ نہیں اور میری زندگی خدا کے ہاتھ میں ہے۔

حسینہ واجد کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اپنے ملک کے عوام کے لیے کام کرتی رہیں گی اور “کارکنوں کی مشکلات سے آگاہ ہوں” ان کا وعدہ ہے کہ “ہر چیز کا حساب ہوگا”

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔