جمعہ، 28-نومبر،2025
جمعہ 1447/06/07هـ (28-11-2025م)

مدینہ منورہ بس حادثہ، واحد زندہ بچ جانے والا نوجوان کون ہے؟

18 نومبر, 2025 14:00

مدینہ منورہ کے قریب پیش آنے والے خوفناک ٹریفک حادثے میں 45 بھارتی عمرہ زائرین جان کی بازی ہار گئے، تاہم بس میں موجود ایک ہی مسافر معجزانہ طور پر زندگی بچانے میں کامیاب رہا۔

یہ خوش قسمت نوجوان 24 سالہ محمد عبدالشعیب ہے، جو شدید زخمی حالت میں اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق مجموعی طور پر 46 افراد بس میں موجود تھے جن میں سے 45 مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہوئے، جبکہ عبدالشعیب واحد شخص تھا جو بروقت باہر نکل آیا۔

بھارتی میڈیا نے بتایا کہ حادثے کے وقت عبدالشعیب ڈرائیور کے قریب بیٹھا گفتگو کر رہا تھا، جیسے ہی بس آئل ٹینکر سے ٹکرائی اور آگ بھڑکنے لگی تو اس نے فوراً ڈرائیور کے پاس والی کھڑکی سے چھلانگ لگا کر جان بچالی۔

خوفناک تصادم اور تیزی سے پھیلتی آگ کے باعث دیگر مسافروں کو بچ نکلنے کا کوئی موقع نہیں ملا۔

عبدالشعیب اس وقت سعودی عرب کے ایک اسپتال کے آئی سی یو میں زیرِ علاج ہے۔

اس کے رشتہ دار محمد تحسین نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ عبدالشعیب سعودی عرب میں ایک نجی کمپنی میں ملازم ہے اور اپنے والدین، دادا، چچا اور دیگر خاندانی افراد کے ساتھ عمرہ ادا کرنے گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ صبح تقریباً ساڑھے پانچ بجے شعیب کا فون آیا۔ زخمی حالت میں اس نے روتے ہوئے بتایا کہ اس کے والدین، دادا، چچا اور دیگر عزیز اس حادثے میں جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ وہ بس سے کود کر بچ نکلا۔

محمد تحسین کے مطابق حادثے کے بعد سے اس کی شعیب سے کوئی مزید بات نہیں ہوسکی کیونکہ اسے آئی سی یو میں منتقل کردیا گیا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔