غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی کارروائیاں جاری، درجنوں فلسطینی شہید
غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی کارروائیاں جاری، درجنوں فلسطینی شہید
غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے جاری ہیں اور اقوامِ متحدہ کے مطابق جنگ بندی کے بعد سے اب تک 67 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق شہید ہونے والوں میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں، جبکہ متعدد افراد زخمی حالت میں اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔
یونیسیف کے مطابق حالیہ اسرائیلی بمباری میں ایک شیر خوار بچی سمیت کئی بچے جاں بحق ہوئے۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ امریکی ثالثی میں طے پانے والی جنگ بندی کے دوران بھی بچوں کی اموات مسلسل ہو رہی ہیں، جو انتہائی تشویش ناک ہے۔
یونیسیف نے رپورٹ میں بتایا کہ 2023 سے اب تک غزہ میں 64 ہزار فلسطینی بچے یا تو شہید ہوئے ہیں یا زخمی، اور علاقے کا ایک بڑا حصہ ’’معذور بچوں کے مرکز‘‘ میں تبدیل ہو چکا ہے جہاں مستقل معذوریوں کے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے۔
اقوامِ متحدہ نے اسرائیل پر الزام لگایا ہے کہ وہ غزہ میں بھوک اور قحط کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے، جس سے لاکھوں فلسطینی، خصوصاً بچے، شدید غذائی قلت کا شکار ہیں۔
عالمی اداروں نے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہری آبادی کو تحفظ فراہم کیا جا سکے اور مؤثر جنگ بندی یقینی بنائی جائے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










