ٹرمپ نے یوکرین کو امن منصوبہ قبول کرنے کے لیے چند دن کی ڈیڈلائن دے دی
ٹرمپ نے یوکرین کو امن منصوبہ قبول کرنے کے لیے چند دن کی ڈیڈلائن دے دی
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین پر زور دیا ہے کہ وہ امریکا کے تیار کردہ امن معاہدے کو جمعرات تک قبول کرے، ورنہ اس کے نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
امریکی ریڈیو کو دیے گئے انٹرویو میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں وقت کی پابندی ضروری ہوتی ہے، اور اگرچہ بعض اوقات ڈیڈ لائن بڑھائی جا سکتی ہے، تاہم ان کے نزدیک جمعرات اس فیصلے کے لیے بہترین وقت ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ متعدد معاملات میں ڈیڈ لائنز رکھی جاتی ہیں، اور وہ سمجھتے ہیں کہ اگر پیش رفت تسلی بخش ہو تو توسیع دی جا سکتی ہے، مگر موجودہ صورتحال میں امن منصوبے پر حتمی فیصلہ ضروری ہے۔
دوسری جانب یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے واضح کیا ہے کہ امریکی منصوبے پر دستخط نہ کرنے کی صورت میں یوکرین کو اپنی آزادی، عزت اور واشنگٹن کی حمایت کھونے کا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس مسودے میں روس کے کچھ بڑے مطالبات کی تائید کی گئی ہے، اس لیے یہ ہفتہ یوکرین کی قیادت کے لیے ’’انتہائی مشکل‘‘ ثابت ہو رہا ہے۔
زیلنسکی نے قوم سے اپیل کی کہ اس نازک مرحلے پر اتحاد برقرار رکھیں، کیونکہ جو فیصلہ ہونا ہے وہ ملک کے مستقبل کا رخ متعین کرے گا۔
عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق تجویز کردہ سیکیورٹی ڈھانچے میں نیٹو کے آرٹیکل 5 جیسی حفاظتی ضمانتوں کا ذکر بھی شامل ہے، یعنی کسی حملے کی صورت میں یوکرین کو اجتماعی دفاع کی یقین دہانی فراہم کی جائے گی۔
مزید یہ کہ سامنے آنے والے مسودے کے مطابق ممکنہ جنگ بندی اور سیکیورٹی معاہدہ 10 سال تک نافذ العمل رہے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










