جمعہ، 28-نومبر،2025
جمعہ 1447/06/07هـ (28-11-2025م)

امریکی صدر اور نیویارک کے میئر ظہران ممدانی کی ملاقات: باہمی تعاون پر اتفاق

22 نومبر, 2025 08:20

واشنگتن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نیویارک کے نو منتخب میئر ظہران ممدانی کی وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے باہمی تعاون، شہر کی ترقی اور جرائم کے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہم میئر نیویارک کی ہر طرح سے مدد کریں گے، اور مجھے امید ہے کہ ظہران ممدانی بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ چیزیں تبدیل ہوتی رہتی ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ممدانی کے فیصلے کچھ قدامت پسند رہنماؤں کے لیے حیران کن ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے ووٹرز نے بھی میئر کے الیکشن میں ظہران ممدانی کو ووٹ دیا، جو عوامی اعتماد کی علامت ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ نیویارک کے معاملات جتنے اچھے طریقے سے چلائے جائیں گے، میں اتنا ہی خوش ہوں گا۔

امریکی صدر نے بین الاقوامی امور پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ زیلنسکی کو امریکی حمایت یافتہ یوکرین امن منصوبے کی منظوری دینی ہوگی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان کی قیادت میں 8 امن ڈیلز ہوچکی ہیں جن میں بھارت اور پاکستان کے درمیان امن معاہدہ بھی شامل ہے۔

اس موقع پر میئر ظہران ممدانی نے ملاقات کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں امریکی صدر کا شکر گزار ہوں، ملاقات بہت اچھی رہی۔ ہم نے اختلافات کے بجائے مشترکہ مفادات پر گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ نیویارک میں مہنگائی کم کرنے اور جرائم کے خاتمے کے حوالے سے صدر ٹرمپ سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔

ظہران ممدانی کا کہنا تھا کہ وہ نیویارک کی ترقی کے لیے صدر ٹرمپ کے ساتھ مل کر کام کریں گے، اور شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔