15 روز کے لیے تعلیمی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان
بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ایک بار پھر زلزلہ آیا، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق پہلے جھٹکے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.7 جبکہ دوسرے کی شدت 4.3 ریکارڈ کی گئی۔
اس سے قبل گزشتہ روز آنے والے 5.7 شدت کے زلزلے نے شہر میں خوف و ہراس پھیلا دیا تھا۔ اس تباہ کن جھٹکے میں 10 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 300 سے زائد زخمی ہوئے۔ کئی عمارتوں میں دراڑیں پڑنے کی بھی اطلاعات سامنے آئیں۔
مسلسل آفٹر شاکس اور عمارتوں کی کمزور ہوتی صورتحال کے پیش نظر ڈھاکہ یونیورسٹی نے ہنگامی بنیادوں پر فیصلہ کرتے ہوئے 15 روز کے لیے تمام تعلیمی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔ اس دوران تمام کلاسز اور امتحانات 6 دسمبر تک بند رہیں گے۔
یہ فیصلہ ہفتے کے روز وائس چانسلر پروفیسر نیّاز احمد خان کی سربراہی میں یونیورسٹی سنڈیکیٹ کے ورچوئل اجلاس میں کیا گیا۔
ماہرین نے صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد سفارش کی ہے کہ عمارتوں کے مکمل معائنے اور ممکنہ مرمت کے کام کے لیے تمام ہاسٹلز کو خالی کرایا جائے تاکہ کسی بھی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










