اسرائیلی فوج کی غزہ میں دہشتگردی جاری، مزید 22 فلسطینی شہید
اسرائیلی فوج کی غزہ میں دہشتگردی جاری، مزید 22 فلسطینی شہید
غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں میں تازہ بمباری کے نتیجے میں 22 فلسطینی شہید اور 80 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حملے کا آغاز غزہ کے گنجان آباد علاقے ریمل سے ہوا، جہاں ایک کار کو نشانہ بنایا گیا، حملے میں کار میں سوار 5 افراد کی شہادت کی تصدیق ہوئی۔ فوراً ہی امدادی کام شروع کر دیے گئے، لیکن اس دوران دیگر علاقوں میں بھی بمباری کی گئی۔
غزہ کے محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ اسرائیلی فضائی حملے کے کچھ ہی دیر بعد وسطی غزہ کے دیر البلا اور نصیرت کیمپ میں دو گھروں پر بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں 10 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔
بعد ازاں مغربی غزہ سٹی میں بھی ایک اور گھر پر بمباری کی گئی، جس میں مزید 5 فلسطینی شہید ہوئے اور دیگر زخمی ہوئے۔
اس حملے کے بعد اسرائیل اور حماس دونوں ایک دوسرے پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کر رہے ہیں۔
اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ ایک مسلح فلسطینی غزہ سے اسرائیل کے زیر قبضہ علاقے میں داخل ہوگیا تھا، جس سے افراتفری پھیل گئی اور یہ جنگ بندی کی خلاف ورزی تھی۔ ردعمل میں اسرائیلی فوج نے غزہ کے مختلف علاقوں میں بمباری کی۔
دوسری جانب حماس نے اسرائیل کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔
حماس کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں کے قتل کے لیے جواز تلاش کر رہا ہے اور اس کی جارحیت معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔
حماس نے زور دے کر کہا کہ وہ جنگ بندی معاہدے کے تحت اپنے وعدوں پر قائم ہے اور اب عالمی ثالثوں اور امریکا پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اسرائیل کی کارروائیوں کو روکے اور جنگ بندی کو برقرار رکھے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










