ہفتہ، 29-نومبر،2025
جمعہ 1447/06/07هـ (28-11-2025م)

امریکی ویزا ریجیکٹ ہونے پر خاتون ڈاکٹر نے زندگی کا خاتمہ کر لیا

24 نومبر, 2025 08:30

بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے ضلع گنٹر میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں 38 سالہ خاتون ڈاکٹر نے مبینہ طور پر امریکی ویزا نہ ملنے کے باعث اپنی جان لے لی۔

پولیس کے مطابق ڈاکٹر روہنی کی موت کا انکشاف اس وقت ہوا جب اہلِ خانہ نے معمول کے مطابق دروازہ کھٹکھٹایا مگر اندر سے کوئی جواب نہ ملا، شکوک کی بنا پر گھر کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہونے پر وہ انہیں بے ہوش حالت میں ملی، اور بعد ازاں ان کی موت کی تصدیق کر دی گئی۔

تحقیقات سے وابستہ اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق ڈاکٹر روہنی نے یا تو نیند کی گولیوں کی زیادہ مقدار لی یا انجیکشن کے ذریعے اپنی جان لینے کی کوشش کی۔

پولیس نے واضح کیا کہ موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئے گی، جو مزید معلومات فراہم کرے گی۔

پولیس کو گھر کی تلاشی کے دوران ایک نوٹ بھی ملا ہے جس میں روہنی نے لکھا کہ وہ کچھ عرصے سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھی۔ نوٹ میں امریکی ویزا کی درخواست مسترد ہونے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

پوسٹ مارٹم کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

روہنی کی والدہ لکشمی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ان کی بیٹی نہایت باصلاحیت طالبہ تھی اور اس نے 2005 سے 2010 کے دوران ایم بی بی ایس کی تعلیم مکمل کی۔

والدہ کے مطابق روہنی کا خواب تھا کہ وہ امریکا میں طبی خدمات انجام دے، جہاں اسے بہتر مواقع اور اچھی آمدنی کی امید تھی۔ ویزا انکار کے بعد وہ شدید مایوسی میں مبتلا رہنے لگی تھی۔

لکشمی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے بیٹی کو بھارت میں ہی کام جاری رکھنے کا مشورہ دیا تھا مگر روہنی امریکا میں اپنا مستقبل بنانے کے لیے بےحد پُرعزم تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی مختلف پہلوؤں سے جانچ جاری ہے، جبکہ یہ افسوسناک واقعہ ذہنی دباؤ اور ویزا پریشر جیسے مسائل کی سنگینی کو ایک بار پھر اجاگر کرتا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔