بیروت میں اسرائیلی فضائی کارروائی، حزب اللہ کے قائم مقام چیف آف اسٹاف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
بیروت میں اسرائیلی فضائی کارروائی، حزب اللہ کے قائم مقام چیف آف اسٹاف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے بیروت کے جنوبی نواح میں ایک اہم فضائی کارروائی کے دوران حزب اللہ کے قائم مقام چیف آف اسٹاف علی طباطبائی کو شہید کردیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق حزب اللہ نے اپنے سینئر کمانڈر کی شہادت کی باضابطہ تصدیق نہیں کی، تاہم جماعت کے رہنما محمود قماتی نے اعتراف کیا ہے کہ اسرائیلی حملے میں ایک مرکزی کمانڈر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
حارت حریک کے علاقے میں تباہ شدہ عمارت کے قریب گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے اس بار “سرخ لکیر پار کر دی ہے” اور اس کا جواب دینے کے فیصلہ کا اختیار حزب اللہ کی قیادت کے پاس ہے۔
لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق فضائی حملے میں کم از کم پانچ افراد جاں بحق اور 28 زخمی ہوئے ہیں۔ بمباری سے منہدم ہونے والی کثیر المنزلہ عمارت کا ملبہ قریبی سڑکوں اور وہاں کھڑی گاڑیوں پر گرنے سے مزید نقصان ہوا۔ دھماکوں کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ ممکنہ مزید حملوں کے خدشے کے باعث عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ علی طباطبائی پر امریکا نے 2016 میں پابندیاں عائد کی تھیں اور انہیں حزب اللہ کا انتہائی اہم رہنما قرار دیا تھا، جبکہ ان کی معلومات فراہم کرنے پر پانچ ملین ڈالر تک کا انعام مقرر کیا گیا تھا۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ طباطبائی حزب اللہ کے اہم عسکری یونٹس کی قیادت کرتے تھے اور انہوں نے گروہ کو اسرائیل کے ساتھ ممکنہ جنگ کے لیے تیار کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے بھی واضح کیا ہے کہ تل ابیب حزب اللہ کو دوبارہ طاقتور ہونے کا موقع نہیں دے گا اور لبنان کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کا وعدہ پورا کرے۔
ادھر لبنانی صدر جوزف عون نے عالمی طاقتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیلی حملوں کے سلسلے کو روکنے کے لیے فوری مداخلت کریں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










