جمعہ، 28-نومبر،2025
جمعہ 1447/06/07هـ (28-11-2025م)

ٹرمپ کا دعویٰ: روس اور یوکرین جنگ بندی معاہدے کے قریب پہنچ گئے

26 نومبر, 2025 09:22

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اُن کی حکومت روس اور یوکرین کی جنگ کے خاتمے کے لیے بڑی پیش رفت کر چکی ہے۔ اُن کے مطابق دونوں ممالک ایک ممکنہ امن معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

وائٹ ہاؤس میں تھینکس گِیونگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بتایا کہ اس جنگ میں ہزاروں فوجی مارے جا چکے ہیں، لیکن اب حالات بدل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیش کردہ امن منصوبے پر تیزی سے کام ہو رہا ہے اور نتائج امید افزا ہیں۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے صرف 9 ماہ میں 8 مختلف جنگیں رکوائیں، اور اب روس یوکرین جنگ کو بھی ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر بھی ایک بیان جاری کیا جس میں بتایا کہ انہوں نے اپنے خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف کو ماسکو بھیجا ہے تاکہ روسی صدر سے ملاقات کر کے معاملات کو آگے بڑھایا جا سکے۔

صدر ٹرمپ کے مطابق امن معاہدے کے حوالے سے چند اختلافی نکات باقی رہ گئے ہیں جن پر جلد اتفاق ہونے کی امید ہے۔

وائٹ ہاؤس نے بھی تصدیق کی ہے کہ امن کوششوں میں غیر معمولی پیش رفت ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق کچھ نازک نکات پر مزید بات چیت کی ضرورت ہوگی، لیکن مجموعی ماحول مثبت ہے۔

چند دن پہلے امریکی اور یوکرینی حکام نے جنیوا میں 28 نکاتی امن تجویز پر مشاورت کی تھی۔ اس ملاقات کے بعد دونوں ممالک نے ایک نئے فریم ورک پر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے یوکرین کو 27 نومبر تک امن معاہدے پر جواب دینے کی ڈیڈ لائن بھی دے رکھی ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔