جمعہ، 28-نومبر،2025
جمعہ 1447/06/07هـ (28-11-2025م)

ہانگ کانگ میں خوفناک آتشزدگی، ہلاکتیں 128 تک پہنچ گئیں؛ سیکڑوں افراد کا سراغ تاحال نہیں مل سکا

28 نومبر, 2025 09:00

ہانگ کانگ کے علاقے تائی پو میں واقع وانگ فُک کورٹ کے رہائشی ٹاورز میں لگی ہولناک آگ نے پورے علاقے کو سوگ میں ڈبو دیا۔

آگ نے چند گھنٹوں میں کئی بلاکس کو لپیٹ میں لے لیا، جبکہ ریسکیو ٹیمیں اب بھی ملبے اور دھوئیں سے بھرے حصوں میں لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

حکام کے مطابق یہ سانحہ گزشتہ 70 برسوں میں ہانگ کانگ کی تاریخ کی سب سے تباہ کن آتشزدگی ہے، جہاں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 128 ہو چکی ہے، جبکہ زخمیوں میں متعدد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق متاثرہ عمارتوں میں کچھ عرصہ قبل بڑے پیمانے پر مرمت اور تعمیراتی کام جاری تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بیرونی حصے میں موجود تعمیراتی مواد، لکڑی اور پلاسٹک کی اسکیف فولڈنگ نے آگ کو غیر معمولی رفتار سے پھیلنے میں مدد دی۔

اس واقعے کے بعد پولیس نے غفلت کے الزام میں تین تعمیراتی کمپنیوں کے سربراہوں کو حراست میں لے لیا ہے۔

ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو جان لی نے اعلان کیا ہے کہ سانحے کی وجوہات جاننے کے لیے مکمل، آزاد اور شفاف تحقیقات کی جائیں گی۔

آگ گزشتہ روز بھڑکی اور کچھ ہی دیر میں آٹھ میں سے سات ٹاور بلاکس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، اس دوران 37 سالہ بہادر فائر فائٹر ہو وائی ہو جان بچانے کی کوشش کرتے ہوئے ہلاک ہوگئے۔ انہیں آخری بار کنیکشن منقطع ہونے کے آدھے گھنٹے بعد ملبے سے بے ہوش حالت میں نکالا گیا۔ مزید 11 فائر فائٹرز زخمی ہوئے جنہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

شدید گرمی، کمزور اسکیف فولڈنگ اور گرنے والے بھاری ملبے کے باعث ریسکیو کارروائیاں انتہائی خطرناک ثابت ہو رہی ہیں۔ اس کے باوجود اب تک 55 افراد کو زندہ نکالا جا چکا ہے۔

فائر سروس کے مطابق 270 سے زائد افراد تاحال لاپتہ ہیں، جبکہ 76 زخمی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔

چیف ایگزیکٹو جان لی کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیمیں ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں اور آخری فرد تک آپریشن جاری رہے گا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔