فرانس کی ایک جیل سے 2 قیدی انتہائی چالاکی کے ساتھ فرار، حکام پریشان
فرانس کی ایک جیل سے 2 قیدی انتہائی چالاکی کے ساتھ فرار، حکام پریشان
فرانس کی ایک خستہ حال جیل میں دو قیدی انتہائی چالاکی کے ساتھ فرار ہو کر حکام کو سخت حیران کرگئے۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق قیدیوں نے روایتی فلمی انداز اپناتے ہوئے بیڈ شیٹس کو باندھ کر رسی بنائی اور اسی کے سہارے جیل کی کھڑکی سے نیچے اتر کر غائب ہوگئے۔
قیدیوں کے فرار کا انکشاف اُس وقت ہوا جب صبح کی گنتی کے دوران تعداد پوری نہ پائی گئی، جب عملہ کوٹھڑی تک پہنچا تو کھڑکی کی لوہے کی سلاخیں کٹی ہوئی تھیں، جو واضح کر رہی تھیں کہ منصوبہ طویل عرصے سے تیار کیا جا رہا تھا۔
مفرور افراد میں 19 سالہ نوجوان بھی شامل ہے جو اکتوبر 2024 سے قتل کی کوشش کے مقدمے میں حراست میں تھا، جبکہ دوسرا قیدی اپنے شریکِ حیات پر تشدد اور دھمکیوں کے جرم میں 2023 سے سزا کاٹ رہا تھا۔
جیل انتظامیہ کے مطابق دونوں قیدیوں نے پرانی طرز کی ہاتھ سے چلنے والی آری کا استعمال کیا اور کئی ماہ تک خفیہ طور پر سلاخیں کاٹتے رہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جیل کی خستہ حالت نے بھی اس فرار میں اہم کردار ادا کیا۔ یہ عمارت 19 ویں صدی میں تعمیر ہوئی تھی اور بدترین اوور کراؤڈنگ کا شکار ہے، جہاں صرف 100 قیدیوں کی گنجائش کے باوجود 311 قیدی رکھے گئے ہیں۔
یہ واقعہ فرانس میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران فرار کی دوسرا بڑی کوشش ہے، اس سے قبل 15 نومبر کو ایک قیدی فرار ہوا تھا جسے بعد میں دوبارہ گرفتار کر لیا گیا تھا۔
اسی طرح گزشتہ سال بدنام زمانہ منشیات فروش محمد امرہ کے فرار ہونے کے بعد فرانس کی جیلوں کی سیکیورٹی پر پہلے ہی سوالات اٹھ رہے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










